سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہو گا؟

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور الاؤنسز میں اضافے کی تجاویز سامنے آ گئیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مختلف الاؤنسز میں اضافے سے متعلق متعدد تجاویز زیر غور ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے پر غور کر رہی ہے، جبکہ وزارت خزانہ نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی سفارش بھی کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق کنوینس الاؤنس اور میڈیکل الاؤنس میں اضافے کی تجاویز بھی بجٹ کا حصہ بن سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ملازمین کو دیے جانے والے ایڈہاک الاؤنسز میں سے ایک الاؤنس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کا طریقہ کار دو مراحل میں ترتیب دیا جا سکتا ہے، جس کے تحت ابتدائی گریڈز کے ملازمین کو نسبتاً زیادہ ریلیف دیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کے لیے تنخواہوں میں اضافے کی شرح نسبتاً کم رکھی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ تجاویز حتمی منظوری سے مشروط ہیں اور ان کا باضابطہ اعلان وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد کیا جائے گا۔

Back to top button