جہانگیرترین ایک بار پھر سرگرم، پاور شو کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں، اور انہوں نے پاور شو کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نےگروپ اراکین کا اہم اجلاس منگل کو طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین و وزراء شریک ہوں گے۔
اس اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے انصاف کی فراہمی کےلیے کیے جانے والے وعدے کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں بیرسٹر علی ظفر کی جانب سے معاملے کی تحقیقات رپورٹ مرتب کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئے اراکین بھی شریک ہوں گے۔ جہانگیر ترین گروپ اراکین کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست جہانگیر ترین کے گروپ نے عید کے بعد آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے معاملے کو لے کر اہم فیصلہ کیا تھا۔ جہانگیر ترین کے گروپ کی جانب سے بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم نہ دینے کا فیصلہ کیا، جہانگیر ترین گروپ نے بجٹ کی منظوری میں حکومت کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ جہانگیر ترین کا گروپ صوبہ اور مرکز میں بجٹ کی منظوری کے لیے ووٹ دے گا۔ تاہم اب جہانگیر ترین نے ایک مرتبہ پھر سے پاور شو کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق دیکھنا ہوگا کہ یہ کس نوعیت کا پاور شو ہوگا اور اس پاور شو کا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان پر کیا اثر ہوگا۔ خیال رہے کہ عدالتوں میں پیشی کے موقع پر بھی جہانگیر ترین کے حامی حکومتی نمائندوں نے ان کا ساتھ دیا تھا اور ان سے اظہار یکجہتی کےلیے پیشی پر ان کے ساتھ موجود تھے جس کے بعد حکومت گرنے گرانے سے متعلق کافی چہ مگوئیاں ہوئی تھیں، لیکن بعد ازاں جہانگیر ترین گروپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔
