جہانگیر ترین گروپ کے نقطہ نظر میں بھی بڑا وزن ہے

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ’ناراض‘ رہنما جہانگیر ترین کے گروپ میں شامل اراکین اسمبلی کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کے نقطہ نظر میں بھی بڑا وزن ہے۔
لاہور میں جہانگیرترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال کے ظہرانہ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جس طرح جہانگیر ترین گروپ نے وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں تحریک انصاف پر فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہی وہ بنیادی نقطہ ہے جس پر سب ایک جگہ جمع ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کبھی کسی مسئلے پر بات چیت ہوجاتی ہے تاہم بڑے معاملے میں تمام لوگ متفق ہیں کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور تحریک انصاف ہماری جماعت ہے۔فواد چوہدری نے جہانگیر ترین کے حوالے سے کہا کہ ’مجھے پورا یقین ہے کہ نہ تو جہانگیر ترین کو یہ توقع ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ان کے لیے غیرقانونی سفارش کریں گے اور نہ ہی عمران خان کا مزاج ہے۔ان کا کہنا تھا کہ علی ظفر پر مشتمل کمیٹی اس معاملے کی چھان بین کررہی اور اس کی رپورٹ ہمیں اور جہانگیر ترین گروپ کو بھی انتظار ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں اور اس گروپ کو بھی رپورٹ پر اعتبار ہوگا۔فواد چوہدری نے کہا کہ وہ رپورٹ پارٹی کی ’داخلی لائن‘ طے کرے گی جبکہ جہانگیر ترین کے عدالتی معاملات پر کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ساتھ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس طرح ایک پارٹی کو کرنا چاہیے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے فصیلہ کیا ہے کہ ذاتی یا اجتماعی مسائل کو بیٹھ کر بات کریں گے اور عمران خان کی قیادت میں ایک جگہ جمع ہیں۔
