حارث رؤف نےبگ بیش کی بہترین ٹیم میں جگہ بنالی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرحارث رؤف نےایک اوراعزاز حاصل کرلیا اورفاسٹ باؤلرکو رواں سال بگ بیش کی بہترین ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔
بگ بیش لیگ انتظامیہ نے بہترین ٹیم کا اعلان کردیا اورآسٹریلین ٹی20 لیگ میں بہترین کھیل پیش کرنے والے پاکستان کے حارث رؤف اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ بگ بیش کے نویں ایڈیشن میں حارث رؤف کو انجری کا شکار ڈیل اسٹین کی جگہ چند میچوں کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی باؤلنگ سے لوہا منوا لیا۔
فاسٹ باؤلر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں ٹیم میں مستقل طور پر شامل کر لیا گیا اور وہ اب تک لیگ کے 8میچوں میں 17وکٹیں لے چکے ہیں۔ حارث رؤف سمیت میلبرن اسٹارز کے کپتان گلین میکسویل اور مارکس اسٹوئنس بھی بگ بیش کی بہترین ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب رہے۔
اس کے علاوہ بگ بیش کی بہترین ٹیم میں شامل دیگر8 کھلاڑیوں کی فہرست میں جوش انگلس، میتھیو ویڈ، جوناتھن ویلز، مچل مارش، ٹام کرن، راشد خان، ڈینیئل سیمس اور پیٹرسڈل بھی موجود ہیں۔
