حج درخواستوں کی وصولی 15فروری سےشروع ہونےکاامکان

رواں سال سرکاری حج کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز15 فروری سے کیےجانے کا امکان ہے۔
وزارت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی کے ایک عہدے دارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وزارت کی جانب سے سرکاری حج کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز 15 فروری سے کیےجانے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے جس میں 60 فیصد افراد سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ باقی افراد نجی کمپنیوں کےذریعےاس حجازمقدس روانہ ہوں گے۔
وہ افراد جو لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے حج کے لیے روانہ ہوں گےان کےسرکاری حج کے اخراجات 5 لاکھ 50 ہزار تک رکھنے کی تجویزہے جبکہ کراچی، کوئٹہ اور پشاور سے سفرکرنےوالے حاجیوں کو5 لاکھ 42 ہزارروپے ادا کرنے ہوں گے۔ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کا تعین کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کی طرف سے حاجیوں کے کوٹے میں اضافے کی صورت میں سرکاری اور نجی اسکیم کے درمیان تقسیم کا تناسب 60 اور40 ہوگا۔ عازمین حج کو سعودی ائیرلائنز، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن، ائیر بلو اور سعودی گلف کے ذریعے حج کی ادائیگی کے لیےسعودی عرب لے جایا جائے گا۔
حج کی پروازیں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، رحیم یار خان، سکھر، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ سے چلائی جائیں گی۔
