حج پالیسی 2020: فی کس حج پیکج 4 لاکھ 90 ہزار روپے ہوگا

وزارت مذہبی امور وزیر نور الحق قادری نے حج پالیسی 2020 جاری کردی جس کے تحت رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج ادا کرسکیں گے۔اسلام آباد میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران نور الحق قادری نے کہا کہ رواں برس ایک لاکھ 84 ہزار 210 کے بجائے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کرنے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس سعودی عرب نے 5 ہزار اضافی عازمین کی اجازت دی تھی جس کے تحت ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانیوں نے حج ادا کیا تھا۔وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ حج کوٹے میں اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں برس سرکاری حج اسکیم کو 60 فیصد اور نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے نجی حج آپریٹرز میں یکساں کوٹہ تقسیم کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ شمالی ریجن کے لیے رواں سال حج پیکج 4 لاکھ 90 ہزار روپے کا ہوگا جس میں اسلام آباد، پشاور، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان شامل ہیں۔جنوبی ریجن میں کوئٹہ، کراچی اور سکھر شامل ہیں جس کے لیے حج پیکج 4 لاکھ 80 روپے کا ہوگا۔
