حرا مانی نے بھاگنے والی دعا زہرہ کی حمایت پر معافی مانگ لی

سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ٹرولنگ کے بعد اداکارہ حرا مانی نے گھر سے فرار ہو کر ایک فراڈیے سے پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرہ کی حمایت پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔ حرا مانی نے انسٹا گرام سٹوری میں لکھا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ دعا زہرہ اور ظہیر احمد کبھی ایک دوسرے سے جدا نہ ہوں، انہوں نے مزید لکھا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ خدا ان کی دعا ضرور سنے گا۔ تاہم اب ایک ویڈیو پیغام میں حرا مانی نے دعا زہرہ کے والدین اور قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں جانتی تھیں کہ دعا زہرہ ایک فراڈیے کے چنگل میں پھنس گئی تھی اور اب اس سے جان چھڑوا کر علیحدہ ہو چکی ہے۔
حرا مانی نے انسٹا گرام پر مختصر ویڈیو میں اعتراف کیا کہ انہیں یہ بات معلوم نہیں تھی کہ دعا زہرہ کو اغوا کیا گیا تھا اور انہیں یہ بھی علم نہیں تھا کہ وہ کم عمر ہیں۔ اداکارہ کے مطابق جب انہیں اپنے شوہر مانی نے بٹھا کر سمجھایا اور دوسرے قریبی افراد نے بھی انہیں معاملے کی حقیقت بتائی تو انہیں معلوم ہوا کہ دعا زہرہ کو اغوا کر کے کم عمری میں ان کی شادی کرائی گئی۔
حرا مانی نے کہا کہ وہ اس معاملے پر غلط تھیں اور انہیں اپنی غلطی ماننے میں کوئی شرم نہیں غلطیاں تسلیم کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، حرا مانی نے بتایا کہ انہیں کہا گیا کہ وہ اس معاملے پر اب کوئی بات نہ کریں، اور ویڈیو نہ بنائیں لیکن وہ بضد رہیں کہ انہیں ویڈیو بنا کر معافی مانگنی ہے۔ حرا مانی لڑکی کے والدین کی تکلیف پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں اور کہا کہ اب لوگ ان کے آنسو بہانے پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔
حرا مانی نے کہا کہ وہ حال ہی میں متحدہ عرب امارت کی ریاست دبئی سے چھٹیاں گزار کر واپس آئی ہیں اور آتے ہی اپنی غلطی پر مداحوں اور دعا زہرہ کے والدین سے معافی مانگی ہے، اداکارہ نے کہا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ دعا زہرہ کم عمر ہیں تو انہیں بھی تکلیف پہنچی۔
حرا نے واضح کیا کہ وہ نہ تو چائلڈ میرج کی حامی ہیں اور نہ ہی کسی بچی کے اغوا کی حمایت کرتی ہیں لیکن ان کے پچھلے ویڈیو پیغام کے بعد لوگ ان پر کڑی تنقید کر رہے ہیں اور ان کے بارے میں بہت غلط لکھ رہے ہیں، اداکارہ نے مداحوں اور دعا زہرہ کے والدین سے دل سے معافی مانگتے ہوئے دعا زہرہ سمیت تمام بچیوں اور لڑکیوں کی حفاظت کی دعا بھی کی۔
یاد رہے کہ کراچی کی رہائشی دعا زہرہ نے فرار ہوکر لاہور کے جس لڑکے ظہیر احمد کے ساتھ شادی کی تھی وہ بعد میں ایک ایسے گینگ کا رکن نکلا جو پب جی گیم کھیلتے ہوئے لڑکیوں کو پھانستے ہیں اور پھر انہیں گھر سے بھاگنے پر آمادہ کرتے ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ جب لڑکی گھر سے بھاگ کر لڑکے کے پاس آ جاتی ہے تو اسے آگے فروخت کر دیا جاتا ہے چنانچہ دعا زہرا نے یہ حقیقت آشکار ہونے کے بعد ظہیر احمد کو چھوڑ دیا ہے اور دارالامان منتقل ہوگئی ہے۔
