حکومت اے پی ایس سانحہ کے ذمہ داروں کو این آر او دے رہی ہے
سابق صوبائی وزیر قانون اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اے پی ایس سانحہ میں معصوم بچوں کا خون بہانے والوں کو حکومت این آر او دینے جا رہی ہے۔
سابق صوبائی وزیر قانون نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کا حال یہ ہے کہ ڈالر 172 روپے پر بھی نہیں رک رہا ہے ، گندم بیرون ممالک سے مہنگے داموں برآمد کی جا رہی ہے ، چین 115 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے.
افغانستان کے ساتھ پاکستان پر بھی پابندیوں پر غور کیا جا رہا ہے ، عمران خان کا یہ حال ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر سے بات چیت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں ، وہ حزب اختلاف سے بات چیت کو اپنی توہین سمجھتے ہیں ، انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ کٹھ پتلی کو فارغ کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں ، کٹھ پتلی حکومت کو فارغ کرنے کیلئے عوام کو اپوزیشن کا ساتھ دینا چاہئے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ہتھیارڈالے تو انہیں معاف کر دیں گے۔ انہیں غیر مسلح کرنے کے لیے مذاکرات ہوئے ہیں ، افغان طالبان مصالحت کار ہیں ۔ وزیراعظم عمرا ن خا ن نے ترک ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے گروپس کے ساتھ افغانستان میں مذاکرات ہو رہے ہیں ، مذاکرات میں افغان طالبان ثالث کا کردار اداکررہےہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس بیان پر اپوزیشن نے تحفظات کا اظہار کیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر پارلیمانی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔
