ٹی ٹی پی نے 100 اراکین کی رہائی کو مسترد کر دیا

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے 100 سے زائد ٹی ٹی پی اراکین کو رہا کرنے کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے اور کہا کہ تاحال کوئی رہائی نہیں ہوئی۔ ترجمان ٹی ٹی پی محمد خراسانی نے کہا کہ ‘ٹی ٹی پی کے 100 گرفتار اراکین کی رہائی کے حوالے سےمیڈیا کی رپورٹ درست نہیں ہے تاہم جنگ بندی معاہدے پر پوری طور پر کاربند ہیں۔
واضح رہے کہ اطلاعات تھیں کہ تحریک طالبان کی جانب سے مثبت مذاکرات اور سیز فائر کے بعد حکومت نے کالعدم ٹی ٹی پی کے 100 سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ، یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ رہائی پانے والوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو حکومت کے قائم کردہ انٹرمنٹ سینٹرز میں اصلاح کے عمل سے گزر رہے تھے ۔
یہ بھی بتایا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کالعدم جماعت کے مطالبے کی بجائے سیز فائر کی پابندی کے ذمرے میں لائی گئی تھیں۔
