گیس کی قیمت میں 150 فیصد سے زائد اضافے کی درخواست

سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں 150 فیصد سے زائد اضافے کی تجویز دے دی ہے ، ایس این جی پی ایل کی جانب سے گیس کی اوسط قیمت میں بڑے اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

سوئی ناردرن کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو گیس کی اوسط قیمت میں157.50 فیصد اضافے کی درخواست دی گئی ہے ، سوئی ناردرن کی گیس کی قیمت میں اضافے سے متعلق درخواست کی یکم دسمبرکو لاہور میں عوامی سماعت ہوگی۔

واضح رہے کہ گیس کی قیمت میں اضافے کی درخواست ایسے وقت کی گئی ہے جب پہلے ہی ملک بھر میں صارفین گیس کی قلت کا شکار ہیں ، ملک میں گیس کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے اور کراچی سے پشاور تک گیس غائب ہے۔

سردیوں میں اضافے کے ساتھ ہی گیس کی کمی کے مسئلے نے عوام کو نئی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ، صبح کے آغاز سے دن کے اختتام تک کہیں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے تو کہیں گیس کا کوئی نام و نشان نہیں جس کے باعث بچے بڑے ناشتے کے بغیر گھر سے نکلنے پر مجبور ہیں ، شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ ہر بار باہر سے کھانا خریدنے کی سکت نہیں۔

Back to top button