حکومت کا سفرختم ہونےکا خیال اپوزیشن کی غلط فہمی ہے

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے یہ تاثر دینا کہ حکومت ختم ہو رہی ہے اپوزیشن کی خام خیالی ہے، امید ہے اتحادی حکومت کا ساتھ دیں گے، تمام اتحادی بے فکرہوجائیں ان کے تمام مطالبات پورے ہوں گے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کورکمیٹی کےاجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورکمیٹی نےسروسزچیفس کی مدت ملازمت کامعاملہ خوش اسلوبی سےحل ہونے کا خیرمقدم کیا۔ کورکمیٹی نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضہ تھا آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ہو۔ کورکمیٹی کو اتحادیوں کے تحفظات،مطالبات اوروفودسطح کی ملاقاتوں پربریفنگ بھی دی گئی جس پر وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے اتحادی حکومت کا ساتھ دیں گے، تمام اتحادی بےفکرہوجائیں ان کے تمام مطالبات پورے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد کوترجیح دیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ ایم کیوایم کا اندرونی معاملہ ہے، ایم کیو ایم برملا کہہ چکی کہ وہ حکومت کی بہترین اتحادی ہے، خالد مقبول صدیقی کی جگہ کوئی اور کابینہ میں شامل ہو یا نہیں یہ فیصلہ ایم کیو ایم کرے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ تاثردینا کہ حکومت ختم ہو رہی ہے، اپوزیشن کی خام خیالی ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے تحفظات اپنی جگہ درست ہیں، بی این پی مینگل کے تحفظات دور کرنے کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں بتایا کہ آئی جی سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سے بات ہوئی ہے، آئی جی سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ سندھ حکومت کی مشاورت سے کریں گے، چاہتے ہیں اتحادیوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے بھی جائز تحفظات دور کیے جائیں، ہم پاکستان کوآگے لے جانا چاہتے ہیں۔
اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی غورکیا گیا اوروزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے کردار ادا کررہا ہے۔ وزیراعظم نے حکومتی اقدامات عوام تک پہنچانے کی منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ کورکمیٹی کے ارکان نے تجویز دی کہ ملک بھر میں مزید لنگر خانے کھولے جانے چاہیئں تاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے جبکہ پناہ گاہوں کا دائرہ کار بھی بڑھایا جائے۔ اجلاس میں کشمیریوں سےاظہاریکجہتی کے لیےملک بھرمیں تقاریب منعقد کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔
ارکان پارلیمنٹ کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے عوامی نمائندگان کو عوام میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کے مسائل حل کریں گے۔ وزیراعظم نے عوامی نمائندوں کے مسائل کے حل کیلئے دو رکنی کمیٹی بنادی، عامر کیانی اور عامر ڈوگر عوامی رابطہ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ارکان وزیراعلیٰ پنجاب آفس سے رابطے میں رہیں گے، دونوں ارکان عوامی مسائل براہ راست وزیراعظم، وزیراعلیٰ تک پہنچائیں گے۔
