حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

حکومت نے عید کے تیسرے روز عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے لیٹر کی نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی مالی گنجائش پیدا ہوگی، عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا، اور اب اسی وعدے پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو سہولت فراہم کی گئی تھی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوامی ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو فیول سبسڈی فراہم کی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ جب خطے کے مختلف ممالک میں پیٹرول کے حصول کے لیے لمبی قطاریں لگ رہی تھیں، اس وقت وزیراعظم کے بروقت فیصلوں کی بدولت پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ مزید کہا گیا کہ عالمی سطح پر تیل کے شدید بحران اور قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے 130 روپے سے زائد سبسڈی دے کر عوام کو اضافی بوجھ سے بچایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 403 روپے 78 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 402 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی تھی۔ نئی 22 روپے فی لیٹر کمی کے بعد پیٹرول کی متوقع قیمت 381 روپے 78 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے ہو جائے گی، تاہم پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن ابھی جاری نہیں کیا گیا۔
خیال رہے اس سے قبل 15 مئی کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 409 روپے 78 پیسے اور 409 روپے 58 پیسے مقرر کی گئی تھیں۔
