خاتون کو تھپڑ مارنے والے پی ٹی آئی رہنما کو ادارہ تحفظ خواتین میں عہدہ مل گیا

سینئر خاتون پوسٹ ماسٹر کو تھپڑ مارنے والے پی ٹی آئی رہنما نوید اسلم کو ساہیوال میں ادارہ تحفظ خواتین میں ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔
پی ٹی آئی رہنما نوید اسلم کو ادارہ تحفظ خواتین کا ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق نوید اسلم کو پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا ڈسٹرکٹ کو آرڈینیٹر مقرر کیاگیا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نوید اسلم کے خلاف خاتون سینئرپوسٹ ماسٹر کو تھپڑ مارنے پر مقدمہ بھی درج ہے اور وہ اس مقدمے میں عبوری ضمانت پر ہیں۔
یاد رہے کہ سینیئر خاتون پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم نے الزام عائد کیا تھا کہ نویداسلم نے 24 ستمبر کو دفتر آکر تھپڑ مارے، میرے اسٹاف نے مجھے بچایا اور نوید اسلم کو دفتر سے باہر نکالا۔ انہوں نے کہا تھا کہ نوید اسلم نے مجھ پر آفس میں حملہ کرکے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا لیکن پولیس نے مقدمے میں درست دفعات نہیں لگائیں جس کا ملزم کو فائدہ ہوا اور گرفتاری کے اگلے ہی روز عدالت سے ضمانت ہوگئی۔ خاتون نے الزام لگایا تھا کہ نوید اسلم دندناتے کہہ رہا تھا کوئی میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا جب کہ ایف آئی آر میں قابل ضمانت دفعات شامل کی گئیں، ملزم کے پاس اسلحہ تھا لیکن مقدمے میں جان سے مارنے کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔ صوفیہ قاسم نے الزام عائد کیا کہ نوید اسلم نے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرکے ضمانت حاصل کرلی۔
اس واقعے کے بعد جی پی او ساہیوال میں اسٹاف نے احتجاجاً کام چھوڑ دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button