عمران خان کے لیے ایک اور بری خبر، رہائی کے امکانات معدوم

اڈیالہ جیل میں گزشتہ ڈھائی برس سے کرپشن مقدمات میں قید تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آ گئی ہے، جس کے بعد ان کی رہائی کے امکانات مزید معدوم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ عمران خان کے لیے تازہ ترین قانونی پیش رفت یہ ہے کہ اب قومی احتساب بیورو میں زیر سماعت مقدمات میں ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف آخری اپیل سپریم کورٹ کے بجائے وفاقی آئینی عدالت میں دائر کی جائے گی۔
عدالتی طریقہ کار میں اس اہم ترین قانونی تبدیلی کے باعث عمران خان کے خلاف زیرِ سماعت نیب مقدمات، بالخصوص 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، کے حتمی عدالتی مرحلے کا فورم تبدیل ہو گیا ہے، جس نے سیاسی اور قانونی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
یاد رہے کہ احتسابی نظام میں بظاہر ایک تکنیکی مگر انتہائی اہم قانونی ترمیم متعارف کرائی گئی ہے، جسے ماہرین مستقبل کے بڑے احتسابی مقدمات کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق نیب قانون میں ہونے والی حالیہ ترمیم نہ صرف اپیل کے فورم کو تبدیل کرتی ہے بلکہ احتسابی مقدمات کے عدالتی ڈھانچے اور قانونی سمت پر بھی دور رس اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
قومی احتساب بیورو (ترمیمی) ایکٹ 2026 کے تحت نیب آرڈیننس میں نئی دفعہ 32-اے شامل کی گئی ہے، جس کے مطابق نیب مقدمات میں ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دوسری اور آخری اپیل اب سپریم کورٹ میں نہیں بلکہ وفاقی آئینی عدالت میں دائر ہوگی۔
اس ترمیم کے بعد احتسابی مقدمات کے لیے اعلیٰ ترین اپیلٹ فورم تبدیل ہو گیا ہے، جسے قانونی حلقے احتسابی نظام میں ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس تبدیلی کا سب سے نمایاں اثر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف زیرِ سماعت نیب مقدمات، خصوصاً 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، پر مرتب ہونے کا امکان ہے۔ اگر متعلقہ عدالتوں اور بعد ازاں ہائی کورٹ کی جانب سے اس مقدمے میں سزا یا فیصلہ برقرار رکھا جاتا ہے تو اس کے خلاف آخری قانونی اپیل اب سپریم کورٹ کے بجائے وفاقی آئینی عدالت میں سنی جائے گی۔
خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس عمران خان کے خلاف سب سے اہم احتسابی مقدمات میں شمار کیا جاتا ہے۔ قانونی اور سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ اس مقدمے کا حتمی فیصلہ نہ صرف عمران خان کی قانونی حیثیت بلکہ ان کے سیاسی مستقبل پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے، اسی لیے اپیل کے فورم میں ہونے والی تبدیلی کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت بھی اس قانونی ترمیم کو انتہائی اہم قرار دے رہی ہے اور پارٹی کے بعض رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ اس کے سیاسی اور قانونی اثرات براہِ راست عمران خان کے مقدمات پر مرتب ہوں گے۔ دوسری جانب حکومت اور قانون ساز حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ ترمیم عدالتی نظام میں ہونے والی آئینی تبدیلیوں کے مطابق قانونی ڈھانچے کو ہم آہنگ بنانے کے لیے کی گئی ہے اور اس کا مقصد صرف اپیل کے فورم میں تبدیلی ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ترمیم سے احتساب قوانین کی نوعیت، جرم یا سزاؤں سے متعلق بنیادی اصول تبدیل نہیں ہوئے، بلکہ صرف یہ طے کیا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد آخری اپیل کس عدالت میں سنی جائے گی۔ تاہم ان کے مطابق عملی طور پر یہ تبدیلی انتہائی اہم ہے کیونکہ کسی بھی مقدمے کا حتمی اور فیصلہ کن مرحلہ وہی عدالت ہوتی ہے جہاں آخری اپیل کی سماعت ہوتی ہے۔ عدالتی ماہرین کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد یہ ان اولین بڑی مثالوں میں شمار کی جا رہی ہے جہاں سپریم کورٹ کے بجائے کسی نئے عدالتی فورم کو احتسابی مقدمات میں آخری اپیل کا اختیار منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئندہ برسوں میں دیگر نیب مقدمات بھی اسی قانونی راستے پر چلیں گے، جس سے احتسابی عدالتی نظام کی نئی سمت مزید واضح ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں مرضی کے 3 ججز لانے کی تیاری مکمل
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ محض ایک قانونی ترمیم تک محدود نہیں بلکہ اسکے اثرات ملک کی مجموعی سیاسی فضا، احتسابی عمل اور عدالتی نظام پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس ترمیم کے حقیقی نتائج کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ وفاقی آئینی عدالت مستقبل میں احتسابی مقدمات کی سماعت اور فیصلوں کے دوران کس نوعیت کا قانونی مؤقف اختیار کرتی ہے، تاہم فی الوقت اس تبدیلی نے عمران خان کے مقدمات کے حوالے سے ایک نئی قانونی صورت حال ضرور پیدا کر دی ہے۔
