عمران خان کو بہترین ڈاکٹرز سمیت تمام طبی سہولیات دستیاب ہیں : احسن اقبال

 

 

 

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جیل میں علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور بہترین ڈاکٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہے،اس لیے عمران خان کی صحت کے حوالے سے کسی کو تشویش نہیں ہونی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے میں کوئی غفلت نہیں برتی جارہی، وہ جس سیل میں قید تھے اسی سیل میں موجود ہیں اور انہیں علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر کہا کہ عمران خان سیاسی قیدی نہیں بلکہ سزا یافتہ قیدی ہیں، حکومت ان کی صحت کےحوالے سے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

اُن کا کہنا تھاکہ اچانک سڑکوں پر آنے کی باتوں میں تیزی آگئی ہے،تاہم اس وقت ملک کو احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کے بجائے معاشی استحکام کی ضرورت ہے، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کے دشمنوں کو فائدہ پہنچانے والی بات ہے۔

پیپلز پارٹی نون لیگ کشیدگی میں صدر زرداری اتنے خاموش کیوں؟

احسن اقبال نے کہاکہ جو بھی جماعت اس وقت سڑکوں کو گرم کرنے کی کوشش کرے گی،وہ دشمن کے تخریبی ایجنڈے کو سپورٹ کرےگی،پورے ملک کو ڈی چوک بنانےکے بجائے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا،پاکستان کو اس وقت اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔

 

Back to top button