دعا ہے روشنیوں کے شہرکراچی میں کبھی اندھیرا نہ چھائے

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کراچی میں دھماکے کی خبر سے بہت غمگین ہوں، میری تمام تر ہمدردیاں اور تعزیت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کےلیے دعاگو ہوں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی نے کہا کہ روشنیوں کا شہر کراچی امن اور خوشحالی سے چمکتا رہے، دعا ہے کہ روشنیوں کے شہر کراچی میں کبھی اندھیرا نہ چھائے۔
Devastated at the news of blast in Karachi. My sincerest condolences to the grieving families and prayers for the speedy recovery of injured. I pray to Allah that the city of lights never recedes into darkness again and shines with peace and prosperity.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 21, 2020
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب ہونے والے دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 20 زخمی ہوگئے، دھماکے کی وجہ سے 4منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ بھی گر گیا , وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب دھماکہ ہوا، جس کی آواز دور تک سنی گئی، اس دھماکے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 5 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوئے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، جب کہ پولیس کی طرف سے دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جاسکا، ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ عمارت کے میزنائن فلور میں ہوا، جس کی وجہ سے متعدد فلیٹس کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، عمارت کے گراونڈ فلور پر موجود بینک کو بھی اس دھماکے سے نقصان پہنچا۔
کمشنر کراچی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے عمارت مکمل طور پر خستہ ہوچکی، اس کو اب گرانا پڑے گا، کیوں کہ دھماکہ گلشن چورنگی کے قریب واقع ایک عمارت میں ہوا جس سے اس رہائشی عمارت کا ایک حصہ بھی گرگیا اور عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کو زیادہ نقصان پہنچا۔
