دورہ سری لنکا کیلئے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا جب کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور اسکواڈ میں سرفراز احمد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔قومی سلیکشن کمیٹی نے اعلان کردہ 16 رکنی ٹیم میں محمد حریرہ اور عامر جمال کو پہلی بار شامل کیا ہے جب کہ سابق جنوبی افریقن کرکٹر مورنے مورکل بولنگ کوچ ہوں گے۔ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں چار اسپنرز ،چار فاسٹ بولرز ،چھ مستند بیٹرز اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں۔
تاہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سرفراز احمد کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوگئی ہے، انہیں آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔
پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم ( کپتان ) ،محمد رضوان ( نائب کپتان اور وکٹ کیپر ) ،عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے، فاسٹ بولر کے 3 دسمبر 2018 کو ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی بولر ان سے زیادہ وکٹیں نہیں لے سکا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال بعد دوبارہ ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر وہ خوش ہیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ سے دوری کو بہت زیادہ محسوس کررہے تھے اور اس فارمیٹ سے دور رہنا ان کے لیے بہت مشکل ہوگیا تھا۔
