دو بھارتی سیاحوں کاچار روز کے ساتوں براعظموں کا سفر

دو بھارتی سیاحوں نے چار روز میں ساتوں براعظموں کا سفر مکمل کرکےگنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا ایک دلچسپ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق علی ایرانی اور سجوئے کمار مترا نے کل تین روز، ایک گھنٹے، پانچ منٹ اور چار سیکنڈ میں ساتوں براعظم کا سفر طے کیا ہے جو بظاہر ناممکن تھا۔ ان میں سے علی ایرانی ایک مشہور شخصیت ہیں اور ممتازِ ماہرِ نفسیات بھی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سجوئے کمار اور علی ایرانی نے چار دسمبر کو انٹارکٹیکا سے اپنا سفر شروع کیا تھا اور سات دسمبر کو میلبرن پہنچے تھے۔ اس سے قبل 2020 میں متحدہ عرب امارات کی خولہ الرومیتھی نے تین روز 14 گھنٹے، 46 منٹ اور 48 سیکنڈ میں اپنا سفر مکمل کیا تھا۔ یہ ریکارڈ لگ بھگ 13 گھنٹے کے فرق سے اب بھارتی سیاحوں نے توڑ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر علی ایرانی نے کہا کہ ریکارڈ اسی لیے بنائے جاتے ہیں کہ کوئی انہیں برابر کردے اور توقع ہے کہ ان کا یہ ریکارڈ بھی جلد ہی برابر ہوجائے گا۔
