دہشتگردوں کی معاونت کا الزام ، جماعت الدعوہ کے 6 رہنما بری
دہشتگردوں کی مالی معاونت کے الزام میں گرفتار کیے گئے جماعت الدعوہ کے 6 رہنمائوں کو بری کر دیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے 3 اپریل 2021 کو اپیل کنندگان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت فردِ جرم عائد کی تھی ،ملک ظفر اقبال، یحیٰ مجاہد، نصراللہ، سمیع اللہ اور عمر بہادر کو 9، 9 سال جبکہ حافظ عبدالرحمٰن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔
ملزموں نے فیصلے کیخلاف چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی اور جسٹس طارق سلیم پر مشتمل ڈویژن بینچ کے سامنے اپیل دائر کی تھی ، استغاثہ اپیل کنندگان کے خلاف شکوک و شبہات سے بالاتر الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا، ٹرائل کورٹ نے شواہد کو درست طریقے سے نہیں جانچا جس کی وجہ سے انصاف کو نقصان پہنچا۔
کیس کی سماعت کے دوران وکیل نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ اپیل کنندگان انفال ٹرسٹ کے اراکین تھے جس کا کالعدم لشکر طیبہ کے ساتھ گٹھ جوڑ نہیں تھا۔وکیل نے دلیل دی کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں تھا کہ اپیل کنندگان لشکر طیبہ یا اس طرح کی دوسری تنظیم کے مقاصد کی حمایت کرنے والی کسی بھی سرگرمی میں ملوث تھے۔
اپیلوں کی مخالفت میں ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے مؤقف اپنایا کیا کہ ٹرسٹ لشکر طیبہ کے لیے پراکسی کے طور پر کام کر رہا تھا جس کی وجہ سے حکومت نے اسے 2019 میں کالعدم قرار دیا تھا۔
