عمران خان کو ڈسکہ انتخابی چوری کا جواب دینا ہوگا
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تمام ادارے انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی مدد کریں ، ڈسکہ ضمنی انتخابات کے دوران ووٹ چوری کرنے کیلئے سازش کی گئی۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کے گھر میں ضمنی انتخاب میں ووٹ چوری کرنے کے طریقہ کار کو واضح کیا گیا۔
شاہد خاقان عباسی نے ڈسکہ ضمنی انتخاب انکوائری رپورٹ سے مختلف اقتباسات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس انتخابی عملے کی حفاظت نہیں بلکہ اغوا کررہے تھے ، ہمارے ملک کے صوبہ پنجاب میں الیکشن کی یہ صورتحال ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے اُمید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن 133 صفحات پر مشتمل ڈسکہ ضمنی انتخاب کی انکوائری رپورٹ کو عوام کے سامنے پیش کرے گا اور سخت ایکشن لے گا ، اُمید کرتا ہوں کہ عدلیہ ڈسکہ انکوائری رپورٹ پر ازخود نوٹس لے گی۔
