رنویر سنگھ کو برہنہ فوٹو شوٹ کرنا کیوں مہنگا پڑ گیا؟

بالی ووڈ سٹار رنویر سنگھ اپنی اداکاری، سٹائل، اور ڈانس کی وجہ سے تو اکثر خبروں میں رہتے ہیں لیکن اس مرتبہ عریاں فوٹو شوٹ کروانے کے بعد تنقید کیساتھ قانونی کارروائی کے شکنجے میں بھی آ گئے ہیں، مقامی سماجی ادارے نے معروف اداکار کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کیلئے پولیس میں شکایت درج کروا دی ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے بتایا ہے کہ رنویر سنگھ کے خلاف بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کی ایک این جی او نے پولیس کو کیس دائر کرنے کی درخواست جمع کرا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق این جی او نے ممبئی کے تھانے میں رنویر سنگھ کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ سمیت تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ دائر کرنے کی درخواست کی ہے۔
فلاحی تنظیم نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ رنویر سنگھ نے عریاں فوٹو شوٹ کے ذریعے خواتین کے جذبات مجروح کیے ہیں اور یہ غیر اخلاقی کام کے دائرے میں بھی آتا ہے، این جی او نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ ان کیخلاف مختلف قوانین کے تحت مقدمہ دائر کر کے کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب پولیس نے این جی او کی جانب سے رنویر سنگھ کے خلاف دی گئی درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوری طور پر اداکار کے خلاف مقدمہ دائر نہیں کیا گیا، پولیس افسر کے مطابق پولیس نے این جی او کی جانب سے دائر کردہ الزامات اور اس کی جانب سے دیئے گئے قوانین کے حوالہ جات کے مطابق رنویر سنگھ کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس نے تصدیق کی کہ تفتیش مکمل ہونے اور قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے کے بعد ہی اداکار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، دوسری جانب انڈیا ٹائمز نے بتایا کہ برہنہ فوٹو شوٹ کے بعد رنویر سنگھ کے خلاف ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور سمیت دیگر شہروں میں بھی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رنویر سنگھ کے عریاں فوٹو شوٹ کے بعد جہاں لوگوں نے سوشل میڈیا پر سخت رد عمل کا اظہار کیا، وہیں مختلف شہروں میں اداکار کے خلاف بینر بھی آویزاں کر دیئے گئے، رنویر سنگھ کے فوٹو شوٹ پر بالی وڈ شخصیات نے بھی ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، بعض اداکارائوں کے مطابق اگر کوئی اداکارہ اس طرح کا فوٹو شوٹ کرواتی تو اسے قتل کی دھمکیاں دی جاتیں، رنویر سنگھ نے گزشتہ ہفتے ایک فیشن میگزین کے لیے تقریبا برہنہ فوٹو شوٹ کروایا تھا، جس پر لوگوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اپنی نئی فلم ڈارلنگ کی تشہیر میں مصروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے ساتھی اداکار رنویر سنگھ کے خلاف کسی بھی قسم کا منفی بیان دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ رنویر سنگھ نے انڈسٹری کو بڑی ہٹ فلموں سے نوازا ہے، ہمیں ان کو صرف پیار دینا چاہئے اور منفی باتیں بالکل نہیں کی جانی چاہئیں۔
