رویندر سنگھ قتل کیس: قاتل منگیتر پریم کماری نکلی

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سے تعلق رکھنے والے سکھ نوجوان رویندر سنگھ قتل کیس میں اہم پیشرفتسامنے آئی ہے رویندر سنگھ کا قاتل کوئی دوسرا نہیں بلکہ اس کی اپنی منگیتر پریم کماری نکلی، ملزمہ کو مردان سے گرفتار کرکے مردان جیل منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ شانگلہ کے علاقہ چکیسر سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نوجوان پروندرسنگھ کو 5 جنوری کو پشاورمیں سرمیں گولی مارکر قتل کیا گیا تھا جس کی لاش اتوار کی شام آبائی گاؤں پہنچائی گئی تھی۔
ایک ہفتے کی تحقیقات کے بعد پولیس قاتلوں تک جاپہنچی۔ رویندر سنگھ کو کسی اور نے نہیں بلکہ اس کی منگیتر پریم کماری نے 4 اجرتی قاتلوں کے ہاتھوں مروایا ۔ پولیس کے مطابق ملزمہ اس منگنی سے ناخوش تھی رشتہ ختم کرنا چاہتی تھی ،ملزمہ نے پروندر کا قتل کرنے کیلئے7 لاکھ روپے دیے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ پریم کماری نے رویندرسنگھ کو مردان میں اپنی سہیلی کے گھرآنے کے بہانے بلایا تھا جہاں کرائے کے قاتلوں نے اسے اغواکرکے قتل کردیا اور جرم کوچھپانے کےلیے لاش پشاور کے علاقہ چمکنی میں جی ٹی روڈ پر پھینک دی ۔
پولیس نے آلہ قتل اور استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی جبکہ ملزمہ کو کل عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تھا جہاں سے اسے جیل بھجوا دیا گیا ہے۔
ضلع شانگلہ میں مقامی لوگوں نے سکھ نوجوان کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ اقلیتی برادری میں عدم تحفظ کا تاثر ختم ہوجائے۔
پروندر سنگھ کے ایک بھائی ہرمیت سنگھ صحافی ہیں جنہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ میرا بھائی پروندر سنگھ ملائیشیا میں کپڑے کاروبار کرتا تھا اور چند روز قبل شادی کیلئے پاکستان آیا تھا۔ پروندر سنگھ فروری میں طے پانے والی شادی کی شاپنگ کے لیے ہی پشاور گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button