رو رو کر اداکارہ اُشنا شاہ کی آنکھیں کیوں تھک گئیں؟

اداکارہ اشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ مظلوم عورتوں کے کرداروں کے دوران میری آنکھیں رو رو کر تھک گئی ہیں، مظلوم، مجبور اور شاطر خاتون کے کردار دیئے جاتے ہیں، تاہم انہوں نے دیگر کرداروں کو بھی بخوبی نبھایا ہے۔

’بشر مومن‘ ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے حال ہی میں ’جیو ڈیجیٹل‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ اب کچھ بھی ہو جائے وہ گھریلو تشدد کو اچھی چیز کے طور پر پیش کرنے والے کردار نہیں نبھائیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ ’بشر مومن‘ میں کام کرنے کے دوران وہ شوبز میں نئی تھیں، اس لیے وہ ڈرامے میں اپنے کردار کو مسترد بھی نہیں کر پائیں لیکن اب وہ اس طرح کے گھریلو تشدد کو مثبت انداز میں پیش کرنے والے کردار ادا نہیں کریں گی، ان کے مطابق بطور اداکارہ اب وہ میچور ہو چکی ہیں، ان کی اداکاری بھی بہتر ہوئی اور اب مقبول ہو جانے کی وجہ سے بہت سارے غلط کرداروں کو مسترد بھی کر سکتی ہیں۔

پاکستان میں ساس اور بہو کے جھگڑوں کے درمیان بنائے جانے والے ڈراموں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ اچھے ڈرامے بننے چاہئیں اور دوسری کہانیاں بھی آنی چاہئیں لیکن پروڈیوسرز اپنا پیسہ ڈبونا نہیں چاہتے، اس لیے وہ ایسے ڈراموں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، جس سے انہیں کمائی ہو، اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ایک طرح سے ایسے ڈرامے بنانا مجبوری بھی ہے کیونکہ انڈسٹری کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لیے فی الحال ایسا ہی کرنا پڑے گا۔

اشنا شاہ نے کہا کہ جب انہوں نے ’بشر مومن‘ میں کام کیا تو کافی عرصے تک انہیں اسی ڈرامے سے ملتے جلتے کرداروں کی پیش کش ہونے لگی اور پھر جب انہوں نے ’بلا‘ میں کام کیا تو انہیں منفی کرداروں کی پیش کش ہونے لگی۔مسکراتے ہوئے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ مظلوم اور مجبور عورت کے کردار ادا کرتے کرتے ان کی آنکھیں رو رو کر تھک چکی ہیں اور اب وہ خود مختار اور مضبوط عورت کے کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔

اشنا شاہ نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی وہ ایک ڈرامے میں خود مختار اور مضبوط خاتون کے کردار میں دکھائی دیں گی، جس میں انہوں نے زائد العمر خاتون کا روپ دھارا ہے جبکہ وہ ڈرامے میں اپنے شوہر سے زیادہ کامیاب اور پیسے کمانے والی ہوتی ہیں۔

Back to top button