دھرمیندر کو ’’شعلے‘‘ میں ’’گبر‘‘ کا کردار کیوں نہ مل سکا؟

بھارتی تاریخ کی معروف فلم ’’شعلے‘‘ کے فلم ساز رمیش سپی نے انکشاف کیا ہے کہ جب ہم نے فلم کی کاسٹ کی تیاری شروع کی تو اداکار دھرمیندر چاہتے تھے کہ وہ ٹھاکر یا گبر سنگھ کا کردار ادا کریں لیکن ہم نے انہیں ورغلا کر ’’ویرو‘‘ کے کردار کے لیے راضی کر کیا۔
رمیش سپی نے اپنے انٹرویو میں فلم ’شعلے‘ سے جڑی مختلف کہانیوں پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح انہوں نے اس فلم کا سکرپٹ تیار کیا اور پھر اداکاروں کو اس فلم کے لیے کاسٹ کیا۔
فلم ساز نے بتایا کہ انہیں رائٹرز کی جوڑی سلیم جاوید نے بیک وقت 2 فلموں کی آفر کی، جس میں سے ایک فلم ’’مجبور‘‘ تھی جس کا سکرپٹ مکمل طور پر تیار تھا جبکہ دوسری فلم ’’شعلے‘‘ تھی جس کی اس وقت صرف 4 لائنوں کا خیال ہی لکھا گیا تھا۔
فلم ساز کے مطابق انہوں نے اس وقت فلم مجبور کے لیے ہامی بھرلی تاہم بعد ازاں والد کے کہنے پر اس فلم کو چھوڑ کر فلم شعلے پر کام کیا اور کاسٹنگ کے لیے ہیما مالنی اور دھرمیندر سے رابطہ کیا اور دونوں ہی اپنے اپنے کردار سے ناخوش تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیما مالنی کو تو کسی نہ کسی طرح منا لیا تھا، تاہم دھرمیندر نے ٹھاکر یا گبر سنگھ کے کردار کی ڈیمانڈ کی تھی جس پر انہیں میں نے یہ کہہ کر منایا کہ ٹھیک ہے آپ ٹھاکر یا گبر سنگھ کا کردار کر لیجئے پھر آپ کو ہیما جی نہیں ملیں گی، جس پر دھرمیندر فوراً مان گئے تھے۔
واضح رہے کہ فلم شعلے اپنے وقت کی بلاک بسٹر فلم تھی، جس میں امیتابھ بچن، دھرمیندر، جیا بچن، ہیما مالنی، سنجیو کمار اور امجد خان جیسے مایہ ناز فنکاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
