رینا رائے نے محسن خان سے طلاق کا ذمہ دار خود کو قرار دے دیا

سابق پاکستانی اوپننگ بلے باز محسن خان سے شادی کرنے والی بھارتی اداکارہ رینا رائے نے شادی ختم ہونے کی ذمہ داری اپنے سر لے لی ہے۔
بھارتی میڈیا کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے زمانے کی مشہور اداکارہ رینا رائے کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے بعد خود کو ایڈجسٹ نہ کر سکیں، اور محسن خان کے لائف سٹائل کیساتھ ایڈجسٹ نہ ہو پانا ہی طلاق کی وجہ بنا ورنہ ان کے سابقہ شوہر نے تو ایک ساتھ رہنے کی خاطر انہیں لندن شفٹ ہونے کی پیشکش بھی کی تھی۔ رینا رائے نے بتایا کہ محسن خان کا اپنی بیٹی جنت کو ساتھ رکھنے کا مقصد بھی یہ تھا کہ میں کم از کم بیٹی کی خاطر ہی اس کے ساتھ رہ لوں، رینا رائے نے طلاق کے بعد بیٹی کی تحویل لینے کے حوالے سے بتایا کہ اس مقصد کے لیے میں نے سادھوؤں اور سنتوں کا سہارا بھی لیا۔ اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ محسن خان اچھے شوہر ہونے کے علاوہ ایک اچھے باپ بھی ہیں اور وہ اپنی بیٹی جنت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، انکا کہنا ہے کہ جغرافیہ فاصلوں کے باوجود باپ بیٹی کے درمیان بہت اچھا تعلق ہے۔

رینا رائے کا کہنا تھا کہ محسن اب اپنی زندگی میں سیٹ ہیں، میں ان کی صحت اور زندگی کیلئے دعا گو ہوں، خیال رہے کہ 70 اور 80 کی دہائی میں رینا رائے کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب اداکاراؤں میں ہوتا تھا، 1983 میں انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج میں پاکستانی اوپننگ بلے باز محسن خان سے شادی کر لی تھی اور فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر کے کراچی شفٹ ہو گئی تھیں۔ اس دوران دونوں کی ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام جنت رکھا گیا تھا۔ تاہم بھارت واپس جانے کے بعد رینا رائے نے بیٹی کا نام صنم رکھ دیا، محس خان نے شادی بچانے کے لیے رینا رائے کو یہ پیشکش بھی کی کہ دونوں پاکستان چھوڑ کر لندن میں سیٹل ہو جاتے ہیں ہیں لیکن ایسا نہ ہو پایا اور 1990 میں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی۔ دراصل رینا رائے دوبارہ سے بھارتی شوبز انڈسٹری میں کام کرنا چاہتی تھیں چنانچہ وہ بھارت واپس چلی گئیں۔ طلاق کے بعد انہوں نے دقبارہ فلموں میں کام شروع کیا تاہم انہیں پہلی سی کامیابی نہ مل سکی۔ یاد رہے کہ محسن حسن خان نے رینا رائے سے شادی کے بعد چند بھارتی فلموں میں بھی کام کیا تھا۔

Back to top button