سال 2019 میں ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 59 شہری جاں بحق

بھارت سال 2019 میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف کرتا رہا، بھارتی اشتعال انگیزی سے 59 افراد شہید اور 281 افراد زخمی ہوئے۔
حکومت آزاد کشمیر کے محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور سول ڈیفنس کے سکریٹری سید شاہد محی الدین قادری کے مطابق جاں بحق افراد میں 43 مرد جب کہ 16 خواتین تھیں اسی طرح زخمیوں میں ایک سو 57 افراد مرد اور 124 خواتین تھیں۔
سب سے زیادہ متاثر ضلع کوٹلی رہا جہاں 13 شہری شہید ہوئے جب کہ 12 نیلم، 11 حویلی، مظفر آباد، پونچھ میں 8، 8، بھمبر میں 4 اور وادی جہلم میں 3 شہری شہید ہوئے۔
اسی طرح زخمیوں میں سے 61 کا تعلق کوٹلی، 52 کا نیلم 51 کا پونچھ، 49 کا حویلی، 29 کا بھمبر، 20 کا مظفرآباد اور 19 زخمیوں کا تعلق وادی جہلم سے تھا۔
عہدیدار نے بتایا کہ گولہ باری نے سرکاری عمارات کے علاوہ شہری املاک پر بھی تباہی مچائی جس میں مکانات، دکانیں، گاڑیاں شامل ہیں۔ اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 105 گھر تباہ ہوئے جس میں ضلع نیلم میں 69، جہلم میں 11، حویلی میں 9، کوٹلی میں 8 اور 4، 4 گھر مظفرآباد اور پونچھ میں تباہ ہوئے۔ اس کے علاوہ 6 سو 22 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جس میں 226 گھر ضلع نیلم، 117 پونچھ، 94 کوٹلی، 90 حویلی، 63 بھمبر، 31 وادی جہلم اور ایک گھر مظفرآباد میں تھا۔ گھروں کے علاوہ 74 دکانیں ضلع نیلم، 7 کوٹلی اور وادی جہلم، اور ضلع پونچھ میں ایک ایک دکان تباہ ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی شیلنگ سے 15 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلز ضلع نیلم میں، 7 گاڑیاں پونچھ، 4 بھمبر، 2 کوٹلی اور ایک حویلی میں تباہ ہوئیں۔ اس کے علاوہ ضلع نیلم میں ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر اسپتال اٹھ مقام اور 3 اسکول، پونچھ میں ایک کالج اور بنیادی صحت کے ایک مرکز، کوٹلی میں 2 اسکولوں اور 8 مویشیوں کے باڑوں، بھمبر میں ایک اسکول اور مظفر آباد میں 3 مویشیوں کے 3 باڑوں کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ وادی جہلم میں ایک مسجد کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔
عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ صرف انسان اور املاک کو ہی نقصان نہیں پہنچا بلکہ نیلم، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی اور بھمبر میں 106 مویشی بھی مارے گئے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں رہنے والوں کو لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی صورت میں پیش آنے والی مشکلات کا سامنا کرنے پر ان کی ہمت کو سراہا۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے دونوں اطراف کے غیر مسلح کشمیریوں پر اپنی لڑاکا طاقت کا استعمال کرکے شہریوں کی اموات سے اطمینان حاصل کرتا ہے۔
یہ صورت حال اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔
