سبزواری کس کو مدیحہ سمجھ کر دوستی کر بیٹھے
معروف ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری شروع میں ان کے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹ کو سچا سمجھ بیٹھے اور کسی اور لڑکی سے میرے دھوکے میں دوستی کر بیٹھے۔
ایک مشترکہ ٹی وی انٹرویو میں مدیحہ نقوی اور فیصل نے اپنی پہلی ملاقات، محبت اور پھر شادی پر کھل کر بات کی۔ دونوں نے بتایا کہ ان کی پہلی باضابطہ ملاقات 2012 میں جیو ٹی وی کے مارننگ شو میں ہوئی تھی۔ مدیحہ نقوی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ جب خبریں پڑھا کرتی تھیں تب سے ہی فیصل سبزواری کی شخصیت سے متاثر ہوگئی تھیں لیکن ان کی پہلی ملاقات مارننگ شو میں ہوئی، جس کے کچھ عرصے بعد ان میں تعلقات استوار ہوئے۔ ٹی وی میزبان کے مطابق جب وہ 2012 میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئیں تو ان کا فیصل سے رابطہ زیادہ ہوگیا۔ ابتدائی طور پر انہوں نے سوشل میڈیا سے روابط کا آغاز کیا۔
اسی دوران اپنی اہلیہ کے اصرار پر فیصل سبزواری نے تسلیم کیا کہ انہوں نے مدیحہ نقوی کے نام کی ایک لڑکی کو فیس بک پر اپنا دوست بنا رکھا تھا اور وہ اسے انہی کا اکاوئنٹ سمجھ کر خوش ہوتے رہتے تھے۔ ایم کیو ایم رہنما کے مطابق جب انہوں نے یہ بات مدیحہ نقوی کو بتائی تو انہوں نے واضح کیا کہ ان کا فیس بک پر کوئی اکاؤنٹ نہیں اور وہ کسی اور کے ہاتھوں ماموں بن رہے ہیں۔
فیصل سبزواری کے مطابق وہ فیک اکاؤنٹ کو اصلی سمجھ کر کام چلاتے رہے اور جب انہیں سچائی معلوم ہوئی تو وہ حیران رہ گئے۔ اسی دوران مدیحہ نقوی نے بتایا کہ اس زمانے میں بھی ان کے نام سے متعدد جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے تھے، جن میں نیوز ڈائریکٹرز اور میڈیا کے سینئر افراد کو ایڈ کرکے دوسرے لوگوں کو یہ تاثر دیا جاتا تھا کہ یہ اکاؤنٹ اصلی ہے۔ ان کے مطابق فیصل سبزواری بھی ان کے جعلی اکاؤنٹ پر خوش ہوتے رہے۔
ایک سوال پر مدیحہ نقوی نے بتایا کہ کراچی منتقل ہونے کے بعد ان کے اور فیصل سبزواری کے درمیان تعلقات استوار ہوئے۔ ابتدائی طور پر انہوں نے ٹوئٹر پر دوستی کا آغاز کیا۔ کراچی میں فیصل سبزواری سے تعلقات استوار ہونے کے بعد انہوں نے لاہور میں اپنے اہلخانہ اور والد کو سب کچھ بتایا دیا۔ لیکن تب تک ان کا ایم کیو ایم رہنما سے شادی کا ارادہ نہیں تھا کیونکہ وہ پہلے سے شادی شدہ تھے۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل سبزواری نے بتایا کہ جب ان کے مدیحہ نقوی سے تعلقات استوار ہوئے، تب وہ صوبائی وزیر تھے اور بعد ازاں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنے، جس کی وجہ سے وہ میڈیا کا مرکز رہتے تھے، چنانچہ انکا مدیحہ سے ملاقات کرنا مشکل ہو جاتا تھا۔ فیصل نے بتایا کہ مدیحہ نقوی ان کا موبائل فون چیک نہیں کرتیں اور نہ ہی ان سے زیادہ خرچہ کرواتی ہیں۔
سیاست پر بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ان کے خیال میں پاکستان کی تاریخ میں آج تک پرویز مشرف کا دور حکومت سب سے بہتر تھا جب کہ مدیحہ نقوی نے شوبز پر بات کرتے ہوئے اداکارہ میرا کو مشورہ دیا کہ وہ کسی مارننگ شو کی میزبانی کریں۔ یاد رہے کہ مدیحہ نقوی اور فیصل سبزواری نے جولائی 2019 میں شادی کی تصدیق کی تھی، تاہم خبریں ہیں کہ دونوں نے اس سے قبل ہی شادی کی تھی۔دونوں کے درمیان 2012 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور ان کی شادی کی خبریں 2016 کے بعد سوشل میڈیا پر تھیں، تاہم دونوں نے جولائی 2019 میں شادی کی تقریب منعقد کی تھی۔
