سشانت سنگھ کیس میں گوگل ، فیس بک سے رابطے کا فیصلہ

سشانت سنگھ کیس میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے بھارتی سکیورٹی ایجنسی سی بی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اور گوگل سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

سشانت سنگھ راجپوت قتل کیس کی سی بی آئی تحقیقات کررہی ہے جس کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لیے اب سی بی آئی نے سشانت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔تحقیقات کے دوران سشانت کی ڈیلیٹ چیٹ، ای میلز تک رسائی کے لیے فیس بک اور گوگل سے مدد لی جائے گی ۔ باہمی قانونی معاونت کے معاہدے کے تحت سشانت کی چیٹ اور ای میل تک رسائی کی درخواست کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سی بی آئی سشانت سنگھ کیس کو سلجھانے کے لیے ہر ذرائع استعمال میں لانا چاہتی ہے ، بھارتی اداکار کے اہلخانہ کے وکیل کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی کہ سی بی آئی نے ڈیلیٹ شدہ ای میلز اور چیٹ کی رسائی کے لیے امریکی کمپنیوں سے رابطہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو ممبئی میں موجود اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے اور پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں اسے خودکشی قرار دیا تھا۔

Back to top button