سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں دیگرجماعتوں میں تقسیم،فارم45بھی جاری

 الیکشن کمیشن کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کے کوٹے پرمختص مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں تقسیم کردیں۔فارم45بھی جاری کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق  الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد ہونے کے بعد خواتین اور اقلیتوں کیلئے مختص قومی اورصوبائی اسمبلیوں کی نشستیں دوسری جماعتوں میں تقسیم کردیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی باقی بچ جانے والی مخصوص نشستوں کیلے پارلیمانی جماعتوں سے امیدواروں کی فہرست بھی طلب کرلی۔دوسری طرف الیکشن کمیشن نے فارم 45،46،48،49 ویب سائٹ پر جاری کردیئے۔ای سی پی نے اپنی ویب سائٹ پر چاروں صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے فارم جاری کئے ہیں۔حلقوں کے حساب سے فارم جاری کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 8 مخصوص نشستوں کے جاری اعلامیے کے مطابق 4 نشتیں پاکستان مسلم لیگ (ن)، 2 سیٹیں جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمٰن (جے یو آئی ف) اور 2 نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی کو الاٹ کی گئی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی ثوبیہ شاہد، غزالہ انجم، شہلا بانو اور شاہین کو نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمٰن (جے یو آئی ف) کی نعیمہ کشور خان اور صدف احسان کو سیٹیں دی گئیں جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عاصمہ عالمگیر اور نعیمہ کنول کو نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی الاٹ کردہ مخصوص نشستوں کا اعلامیہ بھی جاری کردیا، جے یو آئی (ف) کو 10 ، مسلم لیگ (ن) کو 8، پیپلز پارٹی کو 6، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی پی) کو ایک ایک نشست مل گئی۔

الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی میں خواتین کی 2 نشستوں کا اعلامیہ بھی جاری کردیا جس کے مطابق ایک سیٹ پیپلزپارٹی اور ایک سیٹ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیوایم پاکستان) کو دے دی گئی، یہ سیٹیں پیپلزپارٹی کی سمیتا افضال اور ایم کیو ایم پاکستان کی فوزیہ حمید کے حصے میں آئیں۔

انتخابات کے نگران ادارے نے پنجاب اسمبلی کےلیے اقلیتوں کی نشستوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو 2 اور پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک نشست الاٹ کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے تحت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے طارق مسیح اور وسیم انجم جب کہ پیپلز پارٹی کے باسرو جی رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے لا ونگ کی جانب سے مخصوص نشستوں کی تقسیم پر کام جاری ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے کل اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں لا ونگ کی رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد قومی و صوبائی اسمبلی کی 77 مخصوص نشستیں مختلف پارلیمانی جماعتوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

Back to top button