سوشل میڈیا ججز مخالف مواد کیس، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

لاہور ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر عدلیہ کے خلاف پھیلائی جانے والی جعلی خبروں اور پراپیگنڈا کے خلاف درخواست پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سربراہی میں عدلیہ مخالف مواد روکنے کےلیے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی میں پی ٹی اے سمیت دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون رشید شیخ نے اعلی عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی،عدالت عالیہ نے درخواست پر ایف آئی اے اور پی ٹی اے کے ڈائریکٹرز کو طلب کرلیا۔
ایف آئی اے نے عدالت میں کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم کے خلاف چھان بین کی جا رہی ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی تک تفتیش مکمل کیوں نہیں ہوئی،
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے سمیع درانی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ کمیٹی کے ممبران نے بتانا ہے کہ نامناسب مواد کی سوشل میڈیا پر تشہیر کو کیسے روکا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ طریقہ کار وضع کریں عدالت آپ کو مکمل سپورٹ کرے گی، عدالتی حکم پر ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالرب نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ تین روز قبل عہدے کا چارج سنبھالا ہے، عدالتی احکامات اور قانون کے مطابق مواد روکنے کےلیے کارروائی کی جائے گی۔
درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدلیہ کے خلاف منظم پراپیگنڈا کے تحت جعلی خبریں پھیلائی جارہی ہیں، عدلیہ کے خلاف مہم کےلیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جا رہا ہے جب کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہیں عدلیہ مخالف توہین آمیز بیانات، خبروں اور پراپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جائے۔
