سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی،اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی پر عالم اسلام تڑپ اٹھا ، دنیا بھرمیں مظاہرے کیے جا رہےہیں ۔سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی پرامت مسلمہ میں غم وغصےکی لہر دوڑ گئی ہے ،عراق، ایران، ترکیہ اور سعودی عرب میں عوام کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے،عراق اور ایران میں بڑے مظاہرے کیے گئے اورسویڈش سفیربےدخل کرنےکامطالبہ کیا گیا ہے جبکہ اسلامی تعاون تنظیم نے ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلالیا۔
ایران میں سوئیڈش سفارتخانے کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور دنیا تک اپنا ردعمل پہنچایا ۔عراقی شہریوں نے سوئیڈن کے سفارتخانے کے باہربھی مظاہرہ کیا،بغداد میں دوسرے روزبھی ہزاروں شہری سڑکوں پرآگئے سوئیڈن کا پرچم نذرآتش کیا۔سعودی عرب نے بھی واقعے کی پرزورالفاظ میں مذمت کی ۔
ادھر مکروہ فعل کےخلاف اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بلالیاگیا ۔اوآئی سی نے واضح کردیا ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں ،معاملے پر اجتماعی موقف اپنایاجائے گا۔
خیال رہے کہ عید کے روز سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہرعید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ مقامی پولیس نے شہری کو عید کے روز شہر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر مظاہرے کی اجازت دی جس کے بعد ملعون نے مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔
