سیمی راحیل کا صرف من پسند کردار ادا کرنے کا اعلان

ڈرامہ سیریل دل آویز اور عشق لا میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ سیمی راحیل نے آئندہ صرف اپنے من پسند کرداروں والے ڈراموں میں کام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آرٹسٹ ہوں، کوئی کمرشل مشین نہیں۔ سیمی راحیل نے سکرین پر کم نظر آنے کی وجہ یہ بتائی کہ وہ خود ہی کم کام کرنا پسند کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں آرٹسٹ ہوں کوئی کمرشل مشین نہیں۔ آرٹسٹ اور کمرشل مشین میں فرق ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو گِلہ ہے کہ میں سکرین پر کم نظر آتی ہوں، ان سے کہنا چاہوں گی کہ میں سکرین پر ہی ہوں، میں کہیں نہیں گئی۔ مجھے کام کرتے ہوئے 45 سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن کم کم ہی کام کرتی ہوں۔ کام کے علاوہ بھی میری مصروفیات ہیں۔ میری فیملی، میرا گھر ہے اور میرا اپنا کام ہے۔
حال ہی میں سیمی راحیل نے ڈرامہ ’’دل آویز‘‘ اور ’’عشق لا‘‘ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں، اداکارہ کے مطابق آج کل جس قسم کے ڈرامے بن رہے ہیں، ان کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہنا چاہتیں۔
بقول ان کے ’جو کونٹینٹ تیار کیا جا رہا ہے وہ آپ کو پسند ہے؟ جو گفتگو ٹی وی پر کی جا رہی ہے کیا وہ اچھی ہے اور جو رویے ہیں کیا وہ اچھے ہیں؟، سیمی راحیل درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ وہ نوجوانوں کے ساتھ پچھلے 40 سال سے کام کر رہی ہیں۔ نئی پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس پر کافی محنت کی گئی ہے۔
یہ فلم ماڈرن مولا جٹ کہلا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے تو اوریجنل مولا جٹ بھی تین بار دیکھی ہے، انکا کہنا تھا کہ مجھے مولا جٹ بہت پسند تھی، جب سیمی سے پوچھ گیا کہ کیا وہ پاکستان میں بننے والی فلمیں دیکھتی ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں سب فلمیں نہیں دیکھتی، لیکن کچھ ضرور دیکھ لیتی ہوں۔
