واٹس ایپ میں کونسے فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے؟

پیغام رسانی کی معروف ایپ واٹس ایپ میں ایڈیٹ کے بٹن کو مزید بہتر بنانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، رواں برس جون میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ دنیا کی سب سے بڑی میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ جلد ہی ایڈٹ بٹن متعارف کرائے گی، تاہم تاحال ایسا نہیں ہوسکا۔ بعد ازاں ستمبر میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایپلی کیشن بیک وقت موبائل اور ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے جلد ایڈٹ بٹن کے آزمائشی فیچر کو متعارف کرائے گی لیکن اب خبر سامنے آئی کہ کمپنی کے ماہرین ایڈٹ بٹن کو مزید بہتر بنانے میں مصروف ہیں، جس کے بعد ہی ممکنہ طور پر اسے آزمائش کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
واٹس ایپ پر ایڈٹ بٹن متعارف ہونے کے بعد صارفین کوئی ٹوئیٹ ڈالنے کے 15 منٹ بعد تک میسج میں کی گئی غلطی کو درست کر سکیں گے۔ لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ ایڈٹ فیچر کو کب تک متعارف کرایا جائے گا، کیونکہ اسے بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔ لیکن ممکنہ طور پر وہ صارفین اپنے کسی بھی غلط میسیج کو ایڈٹ نہیں کر سکیں گے جو کسی ایسے شخص کے پاس پیغام بھیجیں گے، جس کا ڈیوائس ایک دن سے بند پڑا ہوگا، یعنی جس صارف کا واٹس ایپ ایک دن سے بند ہوگا، اسے بھیجا جانے والا میسیج ایڈٹ نہیں ہوسکے گا، تاہم اس حوالے سے بھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ واٹس ایپ اسی طرح کے ایک اور فیچر پر بھی کام کر رہا ہے، جس کے تحت صارفین غلطی سے ڈیلیٹ کیے گئے پیغام کو بھی ان ڈو یعنی واپس کر سکیں گے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے اختتام یا پھر آئندہ برس کے آغاز تک ان دونوں فیچرز کو متعارف کروا دیا جائے گا۔
