سینیٹ انتخابات: الیکشن ٹریبونل نے فیصل واوڈا کو طلب کرلیا

الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کےلیے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست پر وفاقی وزیر سے جواب طلب کرلیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کےلیے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈاکےکاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ درخواست گزار قادر مندوخیل کے وکیل رشید اے رضوی نے دلائل دیے اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے دہری شہریت رکھنے سے متعلق دستاویزات ٹریبونل میں پیش کیں۔ اس موقع پر جسٹس آغا فیصل نے سوال کیا کہ فیصل واوڈا کی جانب سے کوئی آیا ہے؟ اس پر فیصل واوڈا کے وکیل حسنین چوہان نے بتایا کہ فی الحال مجھےکیس نہیں دیا گیا ہے۔ دورانِ سماعت قادر خان مندوخیل نے کہا کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے، ریٹرننگ افسر کے سامنے اعتراضات دائر کیے مگر انہوں نے سننے سے انکار کردیا لہٰذا فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کےلیے نااہل قرار دیا جائے۔ الیکشن ٹریبونل نے درخواست گزار کے دلائل پر الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے کل تک جواب طلب کرلیا۔ علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو پیش ہوکر وضاحت دینے کا بھی حکم دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button