سی بی آئی نے سشانت کیس کی تفتیش تیز کردی

بھارت کی مرکزی خفیہ ایجنسی سینٹرل بیورو انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اگرچہ رواں ماہ 6 اگست سے ہی مرکزی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ہی سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش شروع کردی تھی۔
تاہم معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے سی بی آئی سست روی کا شکار تھی مگر اب عدالتی اجازت کے بعد سی بی آئی نے تفتیش تیز کردی۔ بھارتی سپریم کورٹ نے بھی 19 اگست کو سی بی آئی کو سشانت سنگھ کیس کی تفتیش کرنے کی اجازت دی تھی۔ عدالتی اجازت ملنے کے بعد سی بی آئی نے سینئر افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر معاملے کی تفتیش تیز کردی۔
بھارتی اخبار کے مطابق سی بی آئی کی ٹیم کی سربراہی سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائریکٹر منوج ششیدھر کریں گے۔ ٹیم میں خاتون افسر ڈی آئی جی گگن دیپ گنبھیر کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ٹیم کے دوسرے ارکان میں ایڈیشنل ایس پی سی بی آئی انیل یادیو اور ایس پی نوپور پرساد شامل ہیں۔ سی بی آئی کی خصوصی ٹیم کو دیگر ارکان کی خدمات بھی حاصل ہوں گی اور یہ ٹیم سی بی آئی کی وہی ٹیم ہے، جس نے حال ہی میں بھارت کے ہائی پروفائیل اسکینڈلز کی تفتیش کی تھی۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ عدالتی احکامات ملنے کے بعد سی بی آئی ٹیم نے تفتیش کو تیز کرتے ہوئے 20 اگست کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد کیا۔
سی بی آئی کی ٹیم نے اب تک سشانت سنگھ کیس میں ایف آئی آر درج کرکے 6 افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کردیے۔ سی بی آئی کی ٹیم نے ممبئی پولیس سے رابطے میں رہنے اور اس سے کیس سے متعلق اہم معلومات حاصل کرنے کےلیے بھی ایک اعلیٰ عہدیدار کا تقرر کیا ہے جب کہ سی بی آئی ٹیم نے دیگر معاملات میں معاونت حاصل کرنے کے انتظامات بھی کر رکھے ہیں۔ سی بی آئی سے قبل سشانت سنگھ کیس کی تفتیش ممبئی پولیس کر رہی تھی، کیوں کہ اداکار نے ممبئی میں ہی 14 جون کو خودکشی کی تھی۔ تاہم ممبئی پولیس نے واقعے کا مقدمہ دائر کیے بغیر تفتیش شروع کی تھی، جس پر مرکزی حکومت اور بھارتی سپریم کورٹ نے اعتراضات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف آئی آر کے بغیر تفتیش کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
اب سشانت سنگھ کیس کی مکمل تفتیش سی بی آئی کےحوالے ہے اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سی بی آئی کتنے عرصے میں تفتیش مکمل کرے گی؟
عدالت کی جانب سےسی بی آئی کو تفتیش کی اجازت دیے جانے پر سشانت سنگھ راجپوت کے اہل خانہ سمیت شوبز شخصیات اور عام بھارتی افراد نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ سی بی آئی کی ٹیم جلد ہی جائے وقوع کا دورہ کرنے سمیت کیس سے منسلک اہم افراد کے بیانات بھی قلم بند کرے گی جب کہ وہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سمیت دیگر ریاکرڈز کا بھی فارنزک معائنہ کرے گی۔ سشانت سنگھ کی خودکشی کو ڈھائی ماہ مکمل ہوچکے ہیں اور تاحال یہ معلوم نہیں کیا جا سکا کہ اداکار نے کن خاص مسائل اور وجوہات کی بنا پر خودکشی کی تھی۔
رپورٹس تھیں کہ انہوں نے ڈپریشن کے باعث خودکشی کی، تاہم پولیس، سی بی آئی اور عام عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اداکار کو کن مسائل کی وجہ سے ڈپریشن کا سامنا تھا اور ان کی زندگی میں کس نے مسائل پیدا کیے؟ زیادہ تر لوگوں اور سشانت سنگھ کے اہل خانہ کا خیال ہے کہ انہیں ان کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی نے مسائل سے دوچار کیا، تاہم اداکارہ ان الزامات کو مسترد کرتی ہیں۔
ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور ریا چکربورتی نے اداکار سے آخری ملاقات خودکشی سے ایک ہفتہ قبل ہی کی تھی۔
