شرمیلا فاروقی سندھ اسمبلی کی رکن کا حلف اٹھالیا

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی رکن سندھ اسمبلی بن گئیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اسمبلی رکنیت کا حلف لے لیا۔ پیپلزپارٹی کی رکن شہناز انصاری کے انتقال سے خالی نشست پر شرمیلا فاروقی منتخب ہوئی ہیں۔
اجلاس کے دوران شرمیلا فاروقی نے ماسک کے علاوہ چہرے پر حفاظتی شیٹس بھی لگا رہی تھی۔ سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست پر پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی کو کامیاب قرار دے دیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شرمیلا فارقی کا بطور رکن سندھ اسمبلی سے نوٹی فیکشن جاری کیا گیا تھا۔ یہ نشست پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق ایم پی اے شہناز بیگم کے قتل کے باعث خالی ہوئی تھی جس پر شرمیلا فاروقی کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔
شرمیلا فاروقی پاکستان پیپلز پارٹی کی متحرک رہنما ہیں۔2018 کے عام انتخابات میں پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا تھا کہ ٹکٹ نہ ملنے پر وہ پارٹی قیادت سے خائف تھی اور ابھی بھی خائف ہوں لیکن اس کی وجہ آصف علی زرداری نہیں بلکہ پارٹی کے کچھ اور لوگ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فریال تالپور سے اتنی قربت نہیں ہے جتنی آصف علی زرداری سے ہے۔
خیال رہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو 15 فروری کو قتل کر دیا گیا تھا۔ شہناز انصاری کا اپنے بہنوئی کے خاندان سے جھگڑا تھا، شہناز انصاری کے قتل سے ایک روز قبل ہی تصفیہ ہوا تھا، لیکن خواتین کے درمیان تکرار سے معاملہ دوبارہ بڑھ گیا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق پہلے شہناز انصاری کے حامیوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، مخالفین کی جوابی فائرنگ سے شہناز انصاری قتل ہوگئیں۔
