شعیب اختر کی اچانک کم عمر لڑکی سے شادی کیسے ہوئی؟

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کے مطابق ان کی والدہ جب حج پر سعودی عرب گئی تھیں تو لوگ بڑی عقیدت سے مل رہے تھے، جس سے متاثر ہو کر ایک خاتون میری والدہ کو پیرنی سمجھ بیٹھی تھیں لیکن والدہ نے اسے بتایا کہ میرا بیٹا کرکٹر ہے جس کی وجہ سے لوگ احترام کرتے ہیں۔

حال ہی میں راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے کرکٹ سمیت نجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔فاسٹ باؤلر نے اپنی شادی سے متعلق دلچسپ واقعہ سُناتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں خود بھی نہیں معلوم تھا کہ ان کی شادی کس سے کب اور کس طرح ہوگئی۔

شعیب اختر نے بتایا کہ میری والدہ اور اہلیہ کی والدہ کی ملاقات حج کے دوران ہوئی، جہاں ساس نے میری والدہ کی خوب خدمت کی کیونکہ وہ انہیں کوئی پیرنی سمجھ رہی تھیں۔راولپنڈی ایکسپریس کے مطابق والدہ نے ان کی ساس کی غلط فہمی دور کی اور انہیں بتایا کہ وہ قومی کھلاڑی کی والدہ ہیں اس لئے لوگ ان سے اتنی عقیدت سے مل رہے ہیں۔

سابق فاسٹ باؤلر کا بتانا تھا کہ حج سے واپسی پر کھانے کی ایک تقریب میں میری والدہ نے مجھے خاتون سے ملوایا اور کہا کہ یہ تمہاری ہونے والی بیوی ہے اور میں نے کہا جی ٹھیک ہے۔واضح رہے کہ شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 46 ٹیسٹ میچ کھیلے، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 178 وکٹیں حاصل کیں۔

شعیب اختر نے 163 ون ڈے میچز میں 247 جب کہ 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مارچ 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی، کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل وہ کافی عرصے تک فٹنیس کے مسائل سے دوچار رہے تھے۔

انہیں دنیا کے فاسٹ ترین باؤلر کا اعزاز بھی حاصل ہے، کہا جاتا ہے کہ ان کی باؤلنگ کی رفتار 100 میل فی گھنٹہ کے برابر رہی، اپنے کیریئر میں وہ کئی تنازعات، سکینڈلز اور مسائل سے دوچار رہے جبکہ کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی وہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔

Back to top button