مظفرآباد ڈویژن میں کامیابی پر مریم اورنگزیب کا ووٹرز سے اظہارِ تشکر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر میرپور ڈویژن کے بعد مظفرآباد ڈویژن میں پارٹی کی کامیابی پر ووٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کامیابی کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکردگی پر عوامی اعتماد کا اظہار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، میرپور کے بعد مظفرآباد ڈویژن کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے قائد نواز شریف کے بیانیے اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا، جس پر پارٹی ان کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے کسی دباؤ، دھمکی یا مبینہ فراڈ کو خاطر میں لائے بغیر آزادانہ طور پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، جو جمہوری عمل پر ان کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب میں آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی 10 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی، عوامی خدمت اور محنت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقیم کشمیریوں نے اپنے ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا

انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر اعتماد کرنے پر کشمیری مہاجرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بنتے ہی آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاکستان اور پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔

Back to top button