آزاد کشمیر انتخابات : ن لیگ اور الیکشن کمیشن کا گٹھ جوڑ تھا، شرجیل میمن

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتےہوئے کہا ہےکہ انتخابات میں ’تاریخی دھاندلی‘ کی گئی،آزاد کشمیر میں انتخابات مسلم لیگ ن اور الیکشن کمیشن کا گٹھ جوڑ تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن ایک ہی صفحے پر نظر آئے، جب کہ چیف الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم کا رویہ غیرذمہ دارانہ رہا۔
ان کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیرجانبدار کردار ادا کرنے کے بجائے مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، تاہم پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کےلیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور انتخابی میدان نہیں چھوڑے گی۔
شرجیل میمن نے کہاکہ پیپلز پارٹی آخری لمحے تک انتخابی عمل میں ڈٹی رہےگی اور عوام کو ان کے حقوق دلانے کےلیے ہر آئینی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو فارم 47 پلس کا عملی نمونہ قراردیتے ہوئے کہاکہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی انتخابی دھاندلی کی روایت دہرائی گئی۔کشمیر کے انتخابات میں کیا ہوا،یہ ہر شخص جانتا ہے، جب کہ اسلام آباد سمیت قومی میڈیا نے بھی انتخابی بےضابطگیوں کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیاکہ ان کی جماعت انتخابی دھاندلی کے تمام ثبوت اور شواہد قوم کے سامنے پیش کرے گی۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا احتجاج مہذب،جمہوری اور آئین و قانون کے دائرے میں ہوگا، جب کہ انتخابی بےضابطگیوں کے خلاف ہر دستیاب قانونی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔
