شمعون عباسی نے پاکستان مخالف کرداروں سے توبہ کیوں کرلی؟

معروف اداکار شمعون عباسی نے پاکستان مخالف کرداروں سے توبہ کرتے ہوئے فلم سازوں سے درخواست کی ہے کہ انہیں پاکستان مخالف کردار نہ دیئے جائیں کیونکہ ایک ہی کردار بار بار ادا کر کے وہ تھک چکے ہیں۔
شمعون عباسی نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر بھی کھل کر بات کی، دوران پروگرام ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ہی معروف گلوکار عاطف اسلم اور اداکارہ نیلم منیر کو متعارف کرایا جب کہ ہمایوں سعید کی کامیابی میں بھی ان کا کردار رہا ہے۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ اصل میں وہ لکھاری اور ہدایت کار ہی ہیں لیکن نئی نسل انہیں بطور اداکار جانتی ہے، جب انہوں نے اداکاری شروع نہیں کی تھی، تب بطور ہدایت کار انہوں نے کئی چہرے متعارف کرائے اور اچھے ہدایت کار کی یہی خاصیت ہوتی ہے کہ وہ نئے چہروں کو دیکھتے ہی ان کی شخصیت کو سمجھ جاتا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی آنے والی فلم ’ڈھائی چال‘ کی شوٹنگ مکمل ہوچکی، اب اس کی ریلیز کا انتظار ہے، چونکہ ’ڈھائی چال‘ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پر بنائی گئی، اس لیے بعض اداروں سے اس کی ریلیز کی اجازت درکار ہے اور انہیں اُمید ہے کہ اسے جلد نمائش کی اجازت مل جائے گی۔
ان کے مطابق ’ڈھائی چال‘ لوگوں کو بہت پسند آئے گی، فلم کی تمام ٹیم نے محنت کی ہے اور اس کی کہانی بھی بہت اچھی ہے، اداکارہ میرا سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان میں کوئی ڈرامے بازی نہیں، وہ جیسی ہیں، ویسی ہی باتیں کرتی ہیں، ان سے متعلق بعض لوگ غلط باتیں بھی پھیلاتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں ہر بار شادی کے لیے اس لیے خواتین مل جاتی ہیں کیوںکہ وہ نکاح پر یقین رکھتے ہیں، انہیں گرل اور بوائے فرینڈز کے کلچر پر یقین نہیں۔
انہوں نے اپنی تیسری اہلیہ شیری شاہ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بتایا کہ دونوں نے فلم ’دُرج‘ میں کام کیا تھا، انہوں نے شیری شاہ کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں باقی تمام اداکاراؤں سے بہترین اداکارہ قرار دیا اور انکشاف کیا کہ فلم ’دُرج‘ کے دوران انہوں نے حقیقت میں اپنے بال منڈوائے تھے، یعنی وہ گنجی ہوئی تھیں جب کہ انہوں نے کردار کے لیے اپنا وزن بھی 25 کلو بڑھایا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ شیری شاہ کے بال کمر کے نیچے تک تھے جب کہ وہ ماڈلنگ میں رہنے کی وجہ سے دبلی پتلی تھیں مگر انہوں نے فلم کے کردار کے لیے وزن بڑھایا اور بال منڈوائے۔ان کے مطابق ان کی اہلیہ دراز قد ہیں اور ان کا قد 5 فٹ 11 انچ ہے لیکن وہ اداکاری کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہوتی ہیں۔
فلموں میں منفی کردار ادا کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شمعون عباسی نے بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان سے ہی کیوں پاکستان مخالف کردار کروائے جاتے ہیں؟ وہ مانتے ہیں کہ بطور اداکار انہیں ہر طرح کے کردار ادا کرنے چاہیے لیکن ان سے اتنے پاکستان مخالف کردار کروائے گئے ہیں جس پر اب ملک کے بعض اداروں کی جانب سے انہیں فون بھی آنے لگے ہیں۔
شمعون عباسی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کے پاکستان مخالف کردار دیکھ کر کہیں انہیں پڑوسی ملک سے فون نہ آ جائے کہ آپ پاکستان میں کیا کر رہے ہیں، آپ ہمارے ہاں آ جائیں۔
