ٹرمپ کی ایران کو آخری وارننگ، معاہدہ کرو ورنہ بہت پچھتاؤ گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کا یہ اس کا آخری موقع ہے، اگر تہران نے اس موقع سے فائدہ نہ اٹھایا تو بعد میں اسے پچھتانا پڑے گا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف مجوزہ فوجی کارروائی ایک مرتبہ پھر مؤخر کی گئی ہے تاکہ سفارت کاری کو آخری موقع دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد ممالک نے ان سے رابطہ کر کے ایران کو مذاکرات کا ایک اور موقع دینے کی درخواست کی تھی۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کو مکمل تباہی سے پہلے ایک آخری موقع دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات تیزی سے آگے بڑھیں گے اور جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
امریکی صدر کے مطابق مجوزہ معاہدے کے پہلے مرحلے میں آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھولنا شامل ہے، جس کے بارے میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت منگل تک ممکن ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ شامل ہوگا۔ ان کے بقول یہ عمل فوری طور پر مکمل نہیں ہوگا، تاہم اس پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اقدامات، جون میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا حصہ تھے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے اسی روز اعلان کیا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم دوسری جانب ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ ان کی بات چیت براہِ راست امریکا سے نہیں بلکہ عمان کی ثالثی کے ذریعے ہو رہی ہے۔
