شوگر ملز کیس:شہباز شریف ، حمزہ شہباز کیلئے بڑا ریلیف

لاہور کی بنکنگ عدالت نے شوگر ملز کیس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز کی ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔لاہور کی بنکنگ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
بنکنگ کورٹ کی عدالت کے جج نے ایف آئی اے کے وکیل کو ہدایت کی کہ تفتیش سے آگاہ کریں، ایف آئی اے کی تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں ؟ ایف آئی اے کے وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو سوالنامہ بھجوایا گیا تھا جس کا جواب کل انہوں نے جمع کرایا ہے ، قائد حزب اختلاف کے جوابات دیکھ کر تفتیش میں پیشرفت ہو گی۔
کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ کے دائرہ اختیار پر بھی اعتراض اٹھایا کہ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ میں نہیں ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے بینکنگ کورٹ کے جج نے ریمارکس دیئے کہ بہت وقت گزر گیا ، عبوری ضمانت کی درخواستیں زیرِ التواء ہیں ، 30 اکتوبر کو عدالت کے دائرہ اختیار کے اعتراض پر دوبارہ سماعت کی جائے گی ۔
