شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کےلیے پیرول پر رہائی کی منظوری

پنجاب کابینہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کےلیے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی۔
پنجاب کابینہ نے صدر (ن) لیگ شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی 5 روز کےلیے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے تھرو سرکولیشن کابینہ سے منظوری لی، تھروسرکولیشن صوبائی کابینہ سے منظوری کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہباز شریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کےلیے پنجاب کابینہ سے منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب جاتی امرا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا تھا کہ 2 دن ہوگئے ہیں مگر ابھی تک شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیرول پر رہا نہیں ہوئے، ہم تو کوشش کر رہے ہیں کہ آج ہی رہائی ہو لیکن پتہ نہیں کیوں حکومت رہائی میں تاخیر کر رہی ہے، ان شااللہ آج یا کل تک رہائی ہوجائے گی جب کہ ڈیڈ باڈی کے پاکستان آنے کے بارے میں آج شام تک پتہ چلے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان لانے کےلئے قانونی دستاویز جاری نہیں ہو سکیں، ان کے جاری ہوتے ہی میت پاکستان لائے جانے کے حوالے سے اقدامات ہوں گے، شریف سٹی کے گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا ہوگی اور جس دن جسد خاکی آئے گا اس دن ظہر کی نماز کے بعد جنازہ ہوگا، جیسے ہی قانونی معاملات پورے ہوتے ہیں اس کے مطابق پرواز کا معاملہ طے ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کے معالجین نے انہیں سختی سے سفر کرنے سے منع کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ان کا علاج مکمل ہو، نہ ہم کوئی رسک لینا چاہتے ہیں اور نہ نواز شریف کو لینا چاہے، نواز شریف کی ہمشیرہ اور دونوں بہنوئی جسد خاکی کے ہمراہ آئیں گے۔
ن لیگ نے رسم قل محدود تعداد کےلیے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیگم شمیم اختر مرحومہ کے انتقال پر افسوس کےلیے آنے والوں کو کورونا ایس او پیز کے تحت کھلی جگہ پر شریف سٹی میں بٹھایا جائے گا۔ رہنماؤں کو جاتی امرا جب کہ کارکنوں کو شریف سٹی میں بیٹھنے کا انتظام کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button