شہزادی ڈیانا کی زندگی پر سپنسر نامی ایک اور فلم بن گئی

کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن رہنے والی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی زندگی پر اب ایک اور فلم ’اسپینسر‘ کے نام سے بنائی گئی ہے جو ستمبر میں وینس فلم میلے میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ آسکر نامزد یافتہ چلی کے فلم ساز پابلو لارین کی فلم ’اسپینسر ’ میں ڈیانا کا کردار 30 سالہ اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ نے ادا کیا ہے۔ فلم کا نام لیڈی ڈیانا کے شاہی نام اسپینسر پر رکھا گیا ہے جس کی کہانی اسٹیون نائٹ نے لکھی ہے۔
اسپینسر‘ میں شہزادی ڈیانا کی جانب سے شہزادہ چارلس سے علیحدگی اختیار کرنے اور شاہی زندگی کو ٹھکرانے کے فیصلے کو دکھایا جائے گا۔ فلم میں کرسٹین اسٹیورٹ کے ہمراہ جیک فاردنگ، شہزادہ چارلس کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، فلم کی کاسٹ میں ٹیموتھی اسمال، سیلی ہاکنز، اور سین ہارس بھی شامل ہیں۔ ’اسپینسر ‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسکے فلم ساز نے بتایا کہ اس میں دکھایا جائے گا کہ کوئی بھی خاتون جب ضد پر آتی ہے تو وہ شہزادیوں کی کہانیوں کو بھی بدل دیتی ہے اور ملکہ بننے سے بھی انکار کر دیتی ہے۔ فلم ساز نے کہا کہ اسپینسر میں دکھایا جائے گا کہ کس طرح لیڈی ڈیانا کروڑوں دلوں پر راج کرنے اور شاہی زندگی گزارنے کے باوجود شاہانہ زندگی سے الگ ہونے کا فیصلہ کرتی ہیں۔ فلم میں لیڈی ڈیانا کو 2 کم عمر بچوں شہزادہ ولیم اور ہیری کی ماں کے طور پر بھی دکھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ برطانوی شہزادوں ولیم اور ہیری کی والدہ اور شہزادہ چارلس کی سابق اہلیہ لیڈی ڈیانا 1997 میں ایک کار حادثے میں چل بسی تھیں۔ ان کی زندگی کو پہلے بھی چند فلموں میں دکھایا جا چکا ہے۔ لیڈی ڈیانا کی زندگی دنیا بھر کے لوگوں کے تجسس کا باعث رہی ہے اور دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداح ابھی تک ان کی زندگی کے حوالے سے کئی باتیں جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 2013 میں بھی ڈیانا کی زندگی پر ایک فلم بنائی گئی تھی جس میں نومی واٹسن نے شہزادی کارکردگی ادا کیا تھا۔ ‘ ڈیانا’ نامی فلم میں شہزادی ڈیانا کی زندگی کے آخری دو سالوں کی منظر کشی کی گئی تھی۔ اس فلم میں ایک جانب شہزادی ڈیانا کو ولیم اور ہیری کی محبت کرنے والی ماں کے روپ میں پیش کیا گیا تو دوسری طرف ان کی زندگی کے اتار چڑھاو اور جذباتی کشمکش کو بھی فلم کا موضوع بنایا گیا تھا۔ فلم میں شہزادی ڈیانا کے قریبی دوستوں مصری رئیس زادے دودی الفائد اور پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر حسنات خان کے ساتھ پائے جانے والے گہرے مراسم کے حوالے سے کہانی کا تانا بانا بنا گیا تھا ۔اسی طرح شہزادی ڈیانا کی فلاحی تنظیموں کے ساتھ وابستگی اور خاص طور پر تیسری دنیا کے ممالک کے لیے ان کی خدمات کو بھی کہانی کا حصہ بنایا گیا تھا۔
