’’صارفین اب واٹس ایپ کو نمبر کی بجائے نام سے چلائیں گے‘‘

دنیا کی سب سے بڑی پیغام رسانی ایپ ’’واٹس ایپ‘‘ نے نئے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے جس کی مدد سے صارفین اب واٹس ایپ کو فون نمبر کی بجائے اپنے نام سے چلا سکیں گے۔جی ہاں، خِبریں ہیں کہ واٹس ایپ کو فون نمبر کے بغیر یوزر نیم سے چلائے جانے کے فیچر کو جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے اور اس کی آزمائش بھی شروع کر دی گئی۔واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق اینڈرائیڈ موبائل صارفین کے بعد اب ویب ورژن واٹس ایپ کے صارفین کو بھی یوزر نیم بنانے کے فیچر تک رسائی دے دی گئی ہے۔فی الحال محدود ممالک کے محدود صارفین کو یوزرنیم بنانے کے فیچر تک رسائی دی گئی ہے اور اس کی کامیاب آزمائش کے بعد اسے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔اس فیچر کے تحت صارفین کو کوئی بھی واٹس ایپ سے ان کے فون نمبر کے بجائے ان کے یوزر نیم سے تلاش کرکے ان سے رابطہ کر سکے گا، یعنی جس طرح کسی بھی فیس بک یا ٹوئٹر اکائونٹ پر یوزر نیم لکھ کر کسی بھی فرد کو تلاش کیا جا سکتا ہے، اسی طرح واٹس ایپ پر یوزر نیم سے ہی لوگوں کو تلاش کیا جا سکے گا۔اگرچہ اس فیچر کو سیکیورٹی کے پیش نظر متعارف کرایا جا رہا ہے، تاہم یہ بعض صارفین کے لیے خطرہ بھی ثابت ہوسکتا ہے، کیوںکہ ہر کوئی انہیں ان کے نام سے تلاش کرکے ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔فیچر کے تحت صارف کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اپنے نام کے بجائے کسی بھی نام یا الفاظ سمیت اعداد سے اپنا یوزر نیم بنائے، ساتھ ہی صارفین کو بار بار یوزر نیم تبدیل کرنے کی آسانی بھی فراہم کی جائے گی۔یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ فیچر کو کب تک پیش کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ چند ماہ کے دوران پیش کردیا جائے گا۔
