گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے اور سیلاب کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF) کے خطرے کے پیش نظرالرٹ جاری کردیا ہے، جس کےمطابق 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونےکی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بڑے پیمانے پر آندھی اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے کےبعد اس نوعیت کی بارشیں معمول کا حصہ ہوتی ہیں،تاہم یہ صورت حال گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ،ملبے کے بہاؤ اور سیلاب کے خطرات کو بڑھادیتی ہے۔خاص طور پر ہوپر، یاسین، ششپر، غلکین، بڈسوات، پھنڈر، نگر، لوئر ہنزہ،گھانچے،دیر اور دیر بالا جیسے علاقے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔
حکام نےبرفانی وادیوں میں رہنےوالے افراد کو ہدایت کی ہےکہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانےسے گریز کریں۔
مقامی ندیوں میں پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیرمعمولی آوازوں جیسے پتھروں کے ٹکرانےکی صورت میں فوری احتیاط برتی جائے اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوجائیں۔
حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی ہےکہ مویشیوں اور ضروری اشیاء کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کیاجائے اور کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھاجائے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام 24 گھنٹے چوکس ہیں اور دور دراز علاقوں میں تکنیکی فوکل پرسنز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جارہا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ : ججز کے تبادلے کے بعد موجودہ ججز کی سنیارٹی لسٹ تبدیل ہوگئی
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہےکہ وہ صورت حال پر نظررکھیں،احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے چنے کےلیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔
