اب 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد جائیں گے : وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

 

 

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ 27 اگست کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا،اب 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لے کر جائیں گے۔

ہنگو خیبرپختونخوا میں سٹریٹ موومنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتےہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری میں پھینک کر ججز کےمنہ پر طمانچہ مارا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہاکہ ایک بار پھر ملک کے ’’ان ٹچ ایبل‘‘ نے ثابت کردیا ہےکہ وہ آئین و قانون سے بالاتر ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نےکہا کہ ہمارے خلاف عدالت،ایف آئی اے یا کسی بھی ادارے کا حکم آئےتو ایک گھنٹے میں عملدرآمد ہوجاتا ہے اور پندرہ منٹ میں پولیس پہنچ جاتی ہے لیکن عمران خان کے علاج کےلیے عدالتوں کی جانب سے دیےگئے دو روزہ وقت کے باوجود فیصلے پر عمل نہیں کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر عدالتیں ان طاقتور لوگوں کو کٹہرے میں نہیں لاسکتیں تو انہیں مظلوموں کو سزا سنانے کا بھی کوئی حق نہیں،اگر ظالموں اور طاقتوروں کو سزائیں نہیں دی جاسکتیں تو عدلیہ کو چاہیےکہ جن کمزور لوگوں کو قید کیاگیا ہے،انہیں بھی آزاد کردیا جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک ملک میں کمزور اور طاقتور کےلیے الگ الگ قانون نہیں ہوسکتا،عمران خان نے حقیقی آزادی کی جو جدوجہد شروع کی ہے، اس کا مقصد کمزور اور طاقتور دونوں کےلیے ایک قانون کا نفاذ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر طاقتوروں کو بچانا ہی فیصلہ ہےتو وہ اس فیصلے کےخلاف بغاوت کرتے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہاکہ ملک میں کسان پریشان ہے جب کہ صنعتکار اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کررہا ہے،اس لیے عدالتوں کو سوچنا ہوگاکہ ملک کو کس سمت لے جایا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہاکہ عمران خان کی بہنوں کی بےتوقیری کی گئی اور اب حکومت کے پاس ’’عورت کارڈ‘‘ کا پتا بھی ختم ہوگیا ہے۔

عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ، سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ عمران خان سے جنون کی حد تک عشق کرتےہیں اور ’’خان کی بہن کے ایک ایک آنسو کی قیمت چکائیں گے۔‘‘

سہیل آفریدی نے اعلان کیاکہ 27 اگست کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا اور اس بار 20 لاکھ نہیں بلکہ 40 لاکھ افراد کو لےکر اسلام آباد جائیں گے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے 27 اگست کو احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

 

Back to top button