پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئرلائنز کو 2 ارب ڈالر سے زائد نقصان

 

 

 

پاکستانی فضائی حدود کی مسلسل بندش نے بھارتی ایئرلائنز کے آپریشنز اور مالی معاملات پر نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں،جس کے باعث بھارتی فضائی کمپنیوں کو اب تک 2 ارب ڈالر سے زائد کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اور ورلڈ فلائیٹ انفارمیشن ڈیٹا کے اعدادوشمار کے مطابق ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس، انڈیگو، اکاسا ایئر اور سپائس جیٹ شدید متاثر ہونے والی ایئرلائنز میں شامل ہیں۔

پاکستانی فضائی حدود بند ہونےسے بھارتی ایئرلائنز کو 2 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے،جب کہ ہفتہ وار تقریباً 800 بھارتی پروازیں متاثر ہورہی ہیں۔

دہلی کا اندرا گاندھی ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہےجہاں ہفتہ وار 640 پروازیں متاثر ہیں۔دہلی سے امریکا،برطانیہ، جرمنی، ترکیہ اور قازقستان جانےوالی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

 

پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کےباعث بھارتی ایئرلائنز کو متبادل طویل فضائی روٹس استعمال کرنا پڑرہے ہیں،جس سے پروازوں کا سفر 1 سے 3 گھنٹے تک طویل ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی ایئر لائنز کو ری فیولنگ،لینڈنگ،ٹیک آف اور پارکنگ چارجز کی مد میں اضافی اخراجات کے ساتھ طویل فضائی روٹس کے باعث اضافی عملے اور آپریشنل اخراجات کا بھی سامنا ہے۔بھارتی ایئرلائنز کےلیے ایران اور خلیجی فضائی راستے بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ایران-امریکا کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال نے بھارتی ایئرلائنز کی مشکلات بڑھادی ہیں۔

بھارتی ایئرلائنز کو رواں سال مزید 600 ملین ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔
مسلسل فضائی پابندیوں سے بھارتی ایئرلائنز کے فضائی آپریشنز کی بقاء خطرے میں پڑگئی ہے،جب کہ طویل روٹس اور اضافی اخراجات کے باعث بھارتی ایئرلائنز شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے پاکستانی ایئرلائنز نسبتاً کم متاثر ہوئی ہیں، بھارتی فضائی حدود سے گزرنےوالی پاکستانی صرف چند پروازیں متبادل روٹس پر منتقل ہوئی ہیں۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کےترجمان کےمطابق بھارتی ایئرلائنز پر فضائی پابندی ستمبر 2026 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

Back to top button