عمران خان کا طبی معائنہ ، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیا گیا : وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا طبی معائنہ شفاف طریقے سے کرایا گیا،علاج معالجے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی والے سیاست کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے اس سے گریز کریں، سکیورٹی سے متعلق پی ٹی آئی کے لوگوں نے رسک بنایا ،اس لیے عمران خان کو پمز لےجایا گیا،پمز میں شفا ہسپتال کے ڈاکٹرز موجود تھے، میڈیکل بورڈ کی رائے کےبغیر یہ نہیں بتایا جاسکتاکہ کہاں علاج ہونا ہے، ابتدائی رپورٹس کے مطابق عمران خان صحت مند ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ معائنہ شفاف طریقے سے ہوا،سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل تھے،انتظامیہ نے آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا،سپریم کورٹ کے حکم کےبعد معائنہ کرایا گیا اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ شفا ہسپتال کے باہر ٹولیوں کی شکل میں لوگ جمع کیے گئے، کیا عدالت نے سیاست کرنے سے منع نہیں کیا تھا،پریس کانفرنسز ، بیانات دیے گئے،عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، عمران خان کے ساتھ یہ مخلص تھے تو راستے میں رکاوٹیں کیوں کھڑی کیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان کا علاج پہلے بھی ہوتا رہا اور جب ضرورت پڑی ہوتارہے گا، عمران خان کی صحت پر پروپیگنڈا کیا جارہاہے، علاج معالجے سے متعلق انتظامیہ نے عدالتی آرڈر پر عملدرآمد کروایا۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہمارا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہے،ہم نے کبھی کسی کی صحت سے متعلق توہین آمیز رویہ نہیں اپنایا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاکہ یہ جب خود وزیراعظم تھے تو لوگوں کی صحت پر طنز کرتےتھے،عمران خان کے دوسروں کی صحت سے متعلق بیانات سب پر عیاں ہیں۔
