صبا فیصل نے گھریلو جھگڑا میڈیا پر لانے کو غلطی مان لیا

ٹی وی کی معروف اداکارہ صبا فیصل نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے اپنے گھریلو جھگڑے کو سوشل میڈیا پر لاکر ایک غلطی کی اور انہیں اپنے بیٹے اور بہو کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری نہیں کرنا چاہیے تھا۔ صبا نے 8 دسمبر کو سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بہو اور بیٹے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، انہوں نے واضح کیا تھا کہ اب ان کا اور انکے خاندان کا انکے بیٹے سلمان سے کوئی تعلق نہیں۔ صبا فیصل نے اپبی بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتےہوئے کہا تھا کہ جس گھر میں نیہا جیسی عورت جاتی ہے، وہ جہنم بن جاتا ہے۔

لیکن بعد ازاں انہوں نے ایک اور ویڈیو بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی بہو اور ان کے حوالے سے غلط باتیں نہ کی جائیں، صبا نے کہا کہ انہوں نے چار سال تک اپنے دکھ اور درد کو بیان نہیں کیا اور اپنی شہرت اور عزت کی قیمت چکائی۔ اسکے بعد 10 دسمبر کو انہوں نے دونوں ویڈیوز ڈیلیٹ کردی تھیں۔ انکے بیٹے سلمان فیصل نے بھی لوگوں کو کہا تھا کہ وہ ان کی ذاتی زندگی پر تبصرے نہ کریں، انکا کہنا تھا کہ والدہ بھی ان کی ہیں اور بیوی بھی ان کی ہیں۔ لیکن اب صبا فیصل نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ذاتی مسائل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر نہیں لگانی چاہئے تھیں۔

اداکارہ نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچے غلطیاں کرتے ہیں مگر والدین کو ان کی غلطیاں درگزر کرنی چاہیے اور یہ کہ کبھی کسی کو اپنے گھریلو مسائل کو سوشل میڈیا پر نہیں لے کر آنا چاہئے، صبا نے کہا کہ سچ کہتے ہیں کہ غصہ حرام ہوتا ہے اور انہوں نے اس وقت غصے مین آکر غلطی کی لیکن وہ اس اپنی غلطی کا اعتراف کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں اپنے گھریلو مسائل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہیں کریں گی۔ صبا نے گھریلو زندگی، خاندان اور اپنوں کی اہمیت سمیت خون کے رشتوں پر کھل کر بات کی اور کہا کہ ان کا خاندان سب سے بہترین ہے، انہیں پورے خاندان سے عزت اور محبت ملتی ہے۔ صبا فیصل نے کہا کہ جس طرح وہ اپنے والدین کی پیاری رہیں یا وہ جتنی اپنے والدین کی عزت کرتی رہی ہیں، اس سے بڑھ کر ان کے بچے ان کی عزت کرتے ہیں اور وہ انہیں اتنے ہی عزیز ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صبا فیصل نے بتایا کہ انہوں نے خود اپنے بیٹے سلمان کو اپنی پسند سے شادی کروائی تھی اور وہ ہی اپنی بہو کو بیاہ کر لائی تھیں اور اب وہ ان کے بیٹے کے ساتھ خوش زندگی گزار رہی ہیں۔

لیکن اداکارہ نے کہا کہ جب خاندان بڑھتا ہے تو محبتیں بھی تقسیم ہوتی ہیں۔ صبا نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بیوی ہی شوہر کو مشورے دے کر اسے کامیاب بھی بناتی ہے تو ناکام بھی بناتی ہے لیکن انکو معلوم نہیں کے ان کے بیٹے اور بہو ایک دوسرے کو کتنے اور کیسے مشورے دیتے ہیں اور یہ کہ ان کے بیٹے اپنی بیوی کے مشورے مانتے ہیں کہ نہیں؟ تاہم انہوں نے کہا کہ تالی ہمیشہ دو ہاتھوں سے بجتی ہیں۔ صبا فیصل نے اپنے ڈراموں میں ادا کردہ کرداروں اور حقیقی زندگی کی مماثلت ہر بھی بات کی اور کہا کہ وہ ڈراموں میں بُری ساس کے کردار ادا کرتی ہیں تو لوگ انہیں حقیقی زندگی میں بھی ایسا ہی سمجھتے ہیں، اداکارہ نے ایک اور سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ ان کے لیے شو بزنس اور سوشل میڈیا روزی کمانے کا ذریعہ ہیں، اور وہ انہیں استعمال کرتی رہیں گی۔

Back to top button